پاکستان

عام انتخابات: کاغذات نامزدگی پر اعتراضات سننے کیلئے ٹربیونلز قائم

مختلف ہائی کورٹس کے کُل 24 ججز الیکشن ٹربیونلز کے ججز کے طور پر ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
|

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات سننے کے لیے ٹربیونلز قائم کردیے۔

الیکشن کمیشن کے نوٹی فکیشن کے مطابق پشاور ہائی کورٹ کے مختلف بینچز کے پانچ ججز بطور ٹربیونل جج اعتراضات سنیں گے۔

لاہور ہائی کورٹ کے مختلف بینچز کے نو ججز بطور ٹربیونل جج کاغذات نامزدگی پر سماعت کریں گے۔

اسی طرح اسلام آباد ہائی کورٹ اور بلوچستان ہائی کورٹ کے دو، دو ججز بطور ٹربیونل جج اعتراضات سنیں گے۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ کے مختلف بینچز کے چھ ججز کاغذات نامزدگی پر اعتراضات سنیں گے۔

اس طرح مختلف ہائی کورٹس کے کُل 24 ججز الیکشن ٹربیونلز کے ججز کے طور پر ذمہ داریاں انجام دیں گے۔

الیکشن ٹربیونلز 3 تا 10 جنوری اعتراضات سنیں گے اور اپنے فیصلے سنائیں گے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی مدت میں دو روز کی توسیع کی گئی تھی جس کے بعد آج 24 دسمبر کو کاغذات جمع کرانے کا عمل مکمل ہونے پر متعلقہ ریٹرننگ افسران نے امیدواروں کی ابتدائی فہرستیں جاری کردی ہیں۔

الیکشن کمیشن کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی مہلت ختم ہونے پر کل سے کاغذات کی جانچ پڑتال کا عمل شروع کرے گا۔