دنیا بھر میں کووڈ-19 کے نئے کیسز میں 52 فیصد اضافہ ہوا، عالمی ادارہ صحت
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا کہنا ہے کہ 20 نومبر سے 17 دسمبر 2023 تک کے دوران گزشتہ 28 دنوں کے مقابلے کووڈ-19 کے نئے کیسز کی تعداد میں 52 فیصد اضافہ ہوا ہے، اس حالیہ عرصے کے دوران نئے رپورٹ ہونے والے کیسز کی کل تعداد 8 لاکھ 50 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
اگرچہ گزشتہ 28 دنوں کی مدت کے مقابلے میں نئی اموات کی تعداد میں 8 فیصد کمی واقع ہوئی ہے، لیکن 17 دسمبر 2023 تک 3ہزار سے زیادہ نئی اموات رپورٹ ہوئی ہیں، عالمی سطح پر اب تک 77 کروڑ 20 لاکھ سے زیادہ تصدیق شدہ کیسز اور تقریباً 70 لاکھ اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
عالمی ادارہ صحت نے آج کووڈ-19 سے متعلق عالمی صورتحال پر ایک نئی اپڈیٹ جاری کی ہے، جس میں ہسپتالوں میں داخلے اور انتہائی نگہداشت یونٹس (آئی سی یو) میں داخلے کے بارے میں معلومات کے علاوہ وائرس کے مختلف ورژنز کے بارے میں معلومات بھی شامل ہیں۔
عالمی ادارہ صحت نے ہسپتال میں داخل ہونے والوں میں مجموعی طور پر 23 فیصد اور آئی سی یو میں داخلوں میں 51 فیصد اضافے کی اطلاع دی۔
یہ اعداد و شمار ان ممالک کے اعداد و شمار پر مبنی ہیں جہاں ماضی اور حال میں مسلسل کووڈ-19 کے کیسز رپورٹ ہوتے رہے ہیں۔
یاد رہے کہ پچھلے دنوں کورونا وائرس کے نئے سب ویرینٹ ’جے این ون‘ کے نئے کیسز بھارت سمیت مختلف ممالک میں تیزی سے پھیلنے لگے تھے۔
عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ اس نئے ویرینٹ سے فی الحال عوام کو زیادہ فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں ہے اور موجودہ ویکسین کی مدد سے بچا جاسکتا ہے۔
تاہم عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ کووڈ اور دیگر انفیکشن اس موسم سرما میں بڑھ سکتے ہیں۔