پاکستان

اعظم سواتی کا مانسہرہ سے نواز شریف کے مقابلے میں الیکشن لڑنے کا اعلان

اگر مجھے میری پارٹی نے ٹکٹ دیا تو نواز شریف کا مانسہرہ سے میں مقابلہ کروں گا، رہنما تحریک انصاف اعظم سواتی

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی نے مانسہرہ میں مسلم لیگ(ن) قائد نواز شریف کے مقابلے میں الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس(سابقہ ٹوئٹر) پر ویڈیو پیغام میں اعظم سواتی نے کہا کہ آج ڈسٹرکٹ مانسہرہ میں نواز شریف نے قومی اسمبلی نشست 15(حلقہ این اے-15) سے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کرائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ وہ نواز شریف ہے جس نے میرے ملک کو لوٹا، جس نے صرف اپنی اولاد کے لیے میرے ملک کے بچے اور بچیوں کا مستقبل تباہ کیا، یہ وہ نواز شریف ہے جس نے میرے ملک کے مقتدر اداروں پر انگلی اٹھائی اور ہمیشہ ان کو ہتک کی زبان سے پکارا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ وہ نواز شریف ہے جس نے اس ملک کی معاشرتی، معاشی اور اخلاقی بنیادوں کو کھوکھلا کیا، یہ وہ نواز شریف ہے جسے اس ملک سے کوئی وفا نہیں بلکہ اس ملک کو لوٹ کر العزیزیہ اور ایون فیلڈ میں اربوں کی جائیداد بنائی۔

اعظم سواتی نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب انتقام کا دن ہے، 8 فروری کو ووٹ کی پرچی کا استعمال کر کے آپ نے ناصرف اپنے بلکہ پورے پاکستان کی آنے والی نسلوں پر احسان کرنا ہو گا اور پورے ملک کو تباہی سے بچانا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر مجھے میری پارٹی نے ٹکٹ دیا تو نواز شریف کا مانسہرہ سے میں مقابلہ کروں گا اور میرے مانسہرہ کے عوام 8 فروری کو عمران خان کو جتا کر پاکستان کے لیے ایک نئی نوید کا پیغام دیں گے۔