پاکستان

لاڈلا کہنا قیاس آرائیاں ہیں، جس کو عوام ووٹ دیں گے وہ وزیراعظم بنے گا، پرویز خٹک

عام انتخابات کے لیے مقامی سطح پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کریں گے، جو صوبے کو حق دے گا اس کے ساتھ مرکز میں حکومت بنائیں گے، سربراہ پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز

پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ کسی کو لاڈلا کہنا صرف قیاس آرائیاں ہیں، جس کو عوام ووٹ دیں گے وہ وزیراعظم بنے گا۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ عام انتخابات کے لیے مقامی سطح پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کریں گے، جو صوبے کو حق دے گا اس کے ساتھ مرکز میں حکومت بنائیں گے جبکہ میں خود قومی کے ایک اور صوبائی کے 2 حلقوں سے الیکشن لڑوں گا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے نظر نہیں آرہا کہ اگلا وزیر اعظم کون ہوگا، کسی کو لاڈلا کہنا صرف قیاس آرئیاں ہیں، عوام جس کو ووٹ دیں گے وہ وزیر اعظم بنے گا۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اگر مرضی کا فیصلہ نہ آئے تو تنقید نہیں کرنی چاہیے، جبکہ چیف الیکشن کمشنر کو ایسے موقع پر کوئی نہیں ہٹا سکتا۔

پرویز خٹک نے کہا کہ 13 جنوری تک وقت ہے اور 60 فیصد ہمارے امیدوار ہوں گے۔