پاکستان

بی اے پی کا بھی الیکشن کمیشن سے کاغذات نامزدگی وصولی کی مدت بڑھانے کا مطالبہ

کاغذات نامزدگی کے ساتھ مختلف دستاویزات منسلک کرنا ضروری ہے اور دستاویزات میں کمی بیشی کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کا سبب بن سکتی ہے، سیکریٹری بی اے پی کا خط

مسلم لیگ (ن) کے بعد بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) نے بھی الیکشن کمیشن سے کاغذات نامزدگی وصولی کی مدت بڑھانے کا مطالبہ کر دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق بی اے پی کے سیکریٹری منظور احمد کاکڑ نے الیکشن کمیشن کے نام خط میں لکھا ہے کہ شیڈول میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے تین دن اور جانچ پڑتال کے لیے سات دن رکھے گئے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ کاغذات نامزدگی کے ساتھ مختلف دستاویزات منسلک کرنا ضروری ہے اور دستاویزات میں کمی بیشی کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کا سبب بن سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں انتخابی حلقے دیگر صوبوں کے مقابلے میں زیادہ طویل ہیں، اس لیے دستاویزات کے حصول کے لیے وقت درکار ہے۔

منظور کاکڑ نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی ہے کہ وہ کاغذات نامزدگی وصول کرنے کی مدت میں دو دن کی توسیع کرے۔

واضح رہے کہ ای سی پی کے انتخابی شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی 20 سے 22 دسمبر تک حاصل اور جمع کرائے جاسکتے ہیں۔