کراچی: آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع 29 عمارتیں غیر تسلی بخش قرار
کراچی میں فائر بریگیڈ حکام نے آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع 45 عمارتوں کی معائنہ رپورٹ میئر کراچی کو بھیج دی جس میں 29 عمارتوں کو غیر تسلی بخش قرار دیا گیا ہے۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق میئر کراچی کی ہدایت پر فائر بریگیڈ حکام نے آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع 45 عمارتوں کا معائنہ کیا۔
فائر بریگیڈ حکام نے عمارتوں کے معائنے کے بعد رپورٹ میئر کراچی کو بھیج دی۔
فائر بریگیڈ کی معائنہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع 29 عمارتیں غیر تسلی بخش ہیں، 77 فیصد عمارتوں میں آگ بجھانے کا سامان اور عملہ نہیں ہے، جبکہ تمام 45 عمارتوں میں کوئی بھی ماہر فائر فائٹر موجود نہ تھے۔
رپورٹ کے مطابق ان 45 عمارتوں میں 34 ہزار سے زیادہ افراد کام کرتے ہیں، جن میں سے صرف 16 میں آگ بجھانے کے لیے پانی کا کنکشن موجود تھا، جبکہ کسی بھی عمارت کے پاس فائر سیفٹی سرٹیفکیشن موجود نہ تھی۔