راولپنڈی پولیس نے جج کی گاڑی پر فائرنگ کی تردید کردی
راولپنڈی کے رحیم آباد پی ایف چوک کے قریب مسلح نوجوان نے فائرنگ کی تاہم جج کی گاڑی پر فائرنگ کی اطلاع نہیں، ترجمان راولپنڈی پولیس
راولپنڈی پولیس نے احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر کی گاڑی پر فائرنگ کی تردید کردی۔
راولپنڈی پولیس کے ترجمان سجاد الحسن نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی کے رحیم آباد پی ایف چوک کے قریب مسلح نوجوان نے فائرنگ کی۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان گاڑی میں اہل خانہ کو زبردستی اسلام آباد لے جانا چاہتا تھا، تاہم راولپنڈی پولیس نے ملزم شایان کو گرفتار کرکے تھانہ ایئرپورٹ منتقل کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوان آئس کے نشے کا عادی ہے جبکہ جج کی گاڑی پر فائرنگ کی اطلاع نہیں۔
قبل ازیں پولیس ذرائع نے بتایا تھا کہ راولپنڈی میں احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تاہم جج اور ان کا عملہ محفوظ رہا۔