کھیل

’بابراعظم کو کپتانی سے ہٹانے کی منصوبہ بندی‘، ذکا اشرف کی مبینہ آڈیو لیک وائرل

آڈیو کلپ میں مبینہ طور پر پی سی بی کے سربراہ دو نامعلوم خواتین کے ساتھ کرکٹ ٹیم سے متعلق معاملات پر گفتگو کررہے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف کی بابراعظم کو کپتانی سے ہٹانے سے متعلق مبینہ آڈیو لیک سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جہاں وہ دو نامعلوم خواتین کے ساتھ کرکٹ ٹیم سے متعلق معاملات پر گفتگو کررہے ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی آڈیو میں ذکا اشرف پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم کو کپتانی سے ہٹانے کی منصوبہ بندی اور شاہین آفریدی کو قیادت کے فرائض سونپنے کے حوالے سے دو نامعلوم خواتین سے گفتگو کررہے ہیں۔

اگرچہ پی سی بی کی جانب سے آڈیو لیک پر کوئی ردعمل نہیں دیا گیا تاہم ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ گفتگو ذکا اشرف کی مبینہ آڈیو لیک ان کے اپنے خاندان سے ہونے والی نجی گفتگو تھی، آڈیو میں نامعلوم خاتون اور ذکا اشرف کے درمیان شان مسعود اور شاہین شاہ آفریدی کی بطور ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کپتان کی تقرری پر بات کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔

ذکا اشرف کو بابراعظم کی کپتانی سے متعلق کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ انہیں دو فارمیٹ کی کپتانی چھوڑنے کیلئے کہا گیا تھا جس پر بابر نے جواب دیا کہ میں فیملی سے مشورہ کرکے بتاؤں گا لیکن فیملی کے بجائے انہوں نے طلحہ (نامی) پلئیر ایجنٹ سے بات کی اور بعدازاں تینوں فارمیٹ سے کپتانی چھوڑنے کا اعلان کیا۔

لیک ہونے والی آڈیو میں ذکا اشرف کہتے ہیں کہ ’میں نے بابراعظم کو دو فارمیٹ کی کپتانی چھوڑنے کے لیے کہا تھا جس پر بابر نے جواب دیا کہ وہ فیملی سے مشورہ کرکے بتائیں گے لیکن فیملی کے بجائے انہوں نے طلحہ (نامی) پلئیر ایجنٹ سے بات کی اور بعدازاں تینوں فارمیٹ سے کپتانی چھوڑنے کا اعلان کیا۔

مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ بابراعظم نے ٹیسٹ کی کپتانی لینے سے انکار کیا تو اس وقت ہمارے پاس پلان بی تیار تھا ہم نے شان مسعود کو کپتانی دے دی اور شاہین آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں قیادت کے فرائض سونپے، اس موقع پر نامعلوم خاتون نے کہا کہ شاہین بھی تو اپنے سُسر شاہد آفریدی کے کنٹرول میں ہے۔

اس دوران نامعلوم خاتون نے ذکا اشرف کو وائٹ بال میں محمد رضوان کو کپتان مقرر کرنے کا مشورہ دیا تو مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ ’رضوان مجھے پسند تھا لیکن وہ بھی بابراعظم اور طلحہ کے ساتھ ملوث تھا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ پلئیر ایجنٹ نے ٹیم کے 8 کھلاڑیوں کو گھیرا ہوا ہے، اس کے کھلاڑیوں کے ساتھ فیملی ٹرم ہیں۔

ذکا اشرف نے مبینہ طور پر یہ بھی کہا کہ حسن علی بابر اعظم کے ساتھ دوستی کی وجہ سے پاکستانی اسکواڈ کا حصہ بنے ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ 16 نومبر کو قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز بابر اعظم نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی20 کی قیادت سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا تھا۔

بابر اعظم تینوں طرزِ کرکٹ کی قیادت سے دستبردار

بابراعظم نے مجھے کوئی فون کال نہیں کی، ذکا اشرف نے راشد لطیف کا دعویٰ مسترد کردیا

بابر اعظم کی نجی واٹس ایپ چیٹ لیک کرنے پر وقار یونس برس پڑے