دنیا

مصر کے عبدالفتح السیسی تیسری مرتبہ صدر منتخب

مصر کے صدارتی انتخابات 10 سے 12 دسمبر تک جاری رہے جس میں 66.8 فیصد افراد نے حق رائے دہی استعمال کیا، سیسی کو تقریباً 4 کروڑ ووٹ ملے۔

مصر کے صدر عبدالفتح السیسی انتخابات میں ایک مرتبہ پھر بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے لگاتار تیسری مرتبہ ملک کے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔

پیر کو الیکشن کمیشن نے سیسی کی انتخابات میں فتح کا اعلان کیا جہاں انہوں نے الیکشن میں 89.6 فیصد ووٹ حاصل کیے اور لگاتار تیسری مرتبہ 6 سال کے لیے ملک کے صدر بن گئے۔

اس الیکشن کے دوران مصری صدر کے 58 ارب ڈالر سے بنائے جا رہے نئے دارالحکومت کو خاص طور پر سراہا جا رہا ہے جہاں اس شہر کو قاہرہ کے مشرق میں بنانے کا سلسلہ جاری ہے، جس کے بارے میں سیسی کا کہنا ہے کہ اس سے ملک کے نئے جمہوریہ کی پیدائش عمل میں آئے گی۔

مصر کے صدارتی انتخابات 10 سے 12 دسمبر تک جاری رہے جس میں سیسی کے مدمقابل تین غیر معروف امیدوار کھڑے ہوئے جنہیں توقعات کے عین مطابق بدترین شکستوں کا سامنا کرنا پڑا۔

مصر کی نیشنل الیکشن اتھارٹی کے سربراہ ہاضم بداوے نے کہا کہ انتخابات میں 66.8 فیصد افراد نے حق رائے دہی کا استعمال کیا جبکہ 3کروڑ 97 لاکھ لوگوں نے عبدالفتح السیسی کے حق میں ووٹ دیا۔

دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے ریپبلیکن پیپلز پارٹی کے امیدوار ہاضم عمر کو کُل 4.5 فیصد ووٹ ملے۔

اب سیسی تیسری مرتبہ صدارت کے منصب پر فائز ہوئے ہیں اور ان کی صدارت کی نئے مدت کا آغاز اپریل سے ہوگا۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ سیسی کی کامیابی خلاف توقع نہیں حالانکہ ان کے دور میں مصر کو تاریخ کے بدترین معاشی بحران کا سامنا کرنا پڑا جبکہ غزہ میں حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کی وجہ سے بھی سرحد پر بے انتہا تناؤ ہے اور بڑی تعداد میں مہاجرین کے آنے سے مصر پر دباؤ پڑنے کا اندیشہ ہے۔

ملک کی کرنسی شدید گراوٹ کا شکار ہے اور سالانہ مہنگائی کی شرح 36.4 فیصد تک پہنچ گئی ہے جس کی وجہ سے خصوصاً نوکری پیشہ افراد شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔

عدلیہ کے زیر نگرانی انتخابات کروانے کا معاملہ: پشاور ہائیکورٹ نے فیصلہ محفوظ کرلیا

ایک تو آئمہ بیگ نے میرا گانا چرایا، پھر مجھ پر ہی چوری کا الزام لگایا، شیراز اپل

سلو اوور ریٹ پر قومی ٹیم پر جرمانہ، ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے دو پوائنٹس سے بھی محروم