دنیا

نگران وزیراعظم، امیر شیخ نواف کی وفات پر تعزیت کیلئے پیر کو کویت کا ایک روزہ دورہ کریں گے

انوارالحق کاکڑ کویت کے امیر کی وفات پر پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے تعزیت اور اظہار ہمدردی کے لیے کویت کا ایک روزہ دورہ کریں گے، دفتر خارجہ

نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ امیر کویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کی وفات پر تعزیت کے لیے کل بروز پیر کو کویت کا ایک روزہ دورہ کریں گے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کویت کے امیر کی وفات پر پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے شاہی خاندان، حکومت اور کویتی عوام سے تعزیت اور اظہار ہمدردی کے لیے کویت کا ایک روزہ دورہ کریں گے۔

دوسری جانب حکومت پاکستان نے امیر کویت نواف الاحمد الجابر الصباح کی وفات پرایک روزہ سوگ کا اعلان بھی کیا ہے۔

کابینہ سیکریٹریٹ نے 18 دسمبر کو یوم سوگ کا نوٹی فکیشن جاری کردیا جس کے مطابق کل ملک بھر میں امیر کویت کی وفات کے سوگ میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کویت کے امیر شیخ نواف الاحمد الصباح 86 سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔

سرکاری ’کونا‘ نیوز ایجنسی کے مطابق نومبر میں شیخ نواف الاحمد الصباح کو طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا، تاہم ان کی بیماری کی تفصیلات نہیں بتائی گئی تھیں، بعد ازاں ان کی صحت کو ٹھیک قرار دیا گیا تھا۔

شیخ نواف کو اتوار کے روز چھوٹی نماز جنازہ کے بعد سپرد خاک کیا گیا جس میں منتخب رشتہ داروں نے شرکت کی۔ کویت کے جھنڈے میں لپٹے ہوئے تابوت کو کویت کی ایک مسجد میں تدفین سے قبل نماز کے لیے لے جایا گیا جسے سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر کیا گیا۔

تین سال تک حکومت کرنے والے حکمران کی نماز جنازہ میں حاضری صرف حکمران خاندان کے افراد تک ہی محدود تھی، جس میں کویت کی پارلیمنٹ کے اسپیکر بھی موجود تھے۔