پاکستان

اسلام آباد میں عام انتخابات تک سرکاری ملازمین کی چھٹی پر پابندی عائد

ڈپٹی کمشنر کے حکم نامے میں وفاقی نظامت تعلیمات اور ماتحت اداروں کے اہلکاروں کو شہر نہ چھوڑنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

اسلام آباد میں عام انتخابات تک سرکاری ملازمین کی چھٹی پر پابندی عائد کردی گئی۔

ڈان نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے حکم نامہ جاری کردیا۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ صرف زچگی یا میڈیکل افسر کی اجازت سے بیماری کی چھٹی ملے گی۔

ڈپٹی کمشنر کے حکم نامے میں وفاقی نظامت تعلیمات اور ماتحت اداروں کے اہلکاروں کو شہر نہ چھوڑنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ افسران اور اہلکار موسم سرما کی تعطیلات کے دوران اسٹیشن نہ چھوڑیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ افسران اور اہلکار پولنگ عملے کی تربیت میں شرکت کے لیے پوسٹنگ کی جگہ پر موجود رہیں جبکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات پر من و عن عمل کیا جائے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل ‏الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا تھا جس کے تحت ملک بھر میں عام انتخابات 8 فروری 2024 کو منعقد ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 19 دسمبر کو ریٹرننگ افسران نوٹس جاری کریں گے، جس کے بعد‏ 20 سے 22 دسمبر تک امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کراسکیں گے اور 23 دسمبر تک امیدواروں کے ناموں کی فہرست جاری کی جائے گی۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ‏ یکم جنوری سے 24 سے 30 دسمبر تک ریٹرننگ افسران کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کریں گے اور 3 جنوری 2024 کو کاغذات کی منظوری اور مسترد ہونے پر اپیلوں کی سماعت ہو گی۔

اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن 10 جنوری 2024 کو اپیلوں پر اپیلیٹ اتھارٹی کے فیصلوں کا آخری روز ہوگا اور‏ 11 جنوری 2024 کو امیدواروں کی نظرثانی فہرست جاری کی جائے گی۔

بیان میں کہا گیا کہ 12 جنوری 2024 کو کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ ہو گی اور‏ 13 جنوری 2024 کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ ہوں گے ‏جس کے بعد 8 فروری 2024 بروز جمعرات کو عام انتخابات ہوں گے۔