پاکستان

عام انتخابات پر سپریم کورٹ کا حکم، الیکشن کمیشن کا آج ہی انتخابی شیڈول جاری کرنے کا فیصلہ

سپریم کورٹ کے حکم کے بعد الیکشن کمیشن کا دفتر کھل گیا اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا سمیت تمام افسران الیکشن کمیشن پہنچ گئے۔

عام انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ کے حکم کے بعد الیکشن کمیشن نے آج ہی انتخابی شیڈول جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق عام انتخابات پر سپریم کورٹ کے حکم کے بعد الیکشن کمیشن کا دفتر کھل گیا اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا سمیت تمام افسران الیکشن کمیشن پہنچ گئے۔

سپریم کورٹ پیشی کے بعد سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان، ڈی جی لا بھی الیکشن کمیشن پہنچ گئے۔

الیکشن کمیشن کی آج ہی انتخابی شیڈول جاری کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے تمام عملے کو فوری طلب کرلیا۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن نے نجی چینل ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انتخابی شیڈول آج ہی جاری کرنے کے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’جس طرح سپریم کورٹ نے ہدایت دی ہے وہی ہوگا۔‘

قبل ازیں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے آر اوز کی تعیناتی منسوخ کرنے کا لاہور ہائی کورٹ کا حکم معطل کردیا تھا۔

عدالت عظمیٰ نے انتخابی شیڈول کے اجرا کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے ایک ہفتے کی مہلت دینے کی استدعا بھی مسترد کرتے ہوئے شیڈول آج ہی جاری کرنے کا حکم دیا۔