افغانستان کی زمین پاکستان کےخلاف دہشت گردی کیلئے استعمال ہورہی ہے، جان اچکزئی
نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ افغانستان کی زمین پاکستان کےخلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔
بلوچستان پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان سے آنے والے دہشت گرد پاکستان میں حملے کر رہے ہیں، آرمی چیف نے پاکستان میں دشمن قوتوں کو ناکام بنایا، آرمی چیف نے اندرونی و بیرونی چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہ اطلاعات حکومت بلوچستان، ایجوکیشن اینڈ یوتھ امپروومنٹ سوسائٹی کے ساتھ ایک اہم مفاہمتی یاداشت پر دستخط کر رہی ہے جس کا مقصد عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے، اس یادداشت پر دستخط کرنے کا مقصد ڈیجیٹل لیب کے قیام کے لیے مشترکہ کوشش، ایڈوانس ای ایجوکیشن سسٹم کو یقینی بنانا، نوجوانوں کی ذہنی مہارت کو اجاگر کرنے کے لیے اسکل سینٹرز کا قیام اور کڈنی سینٹر کے قیام کے لیے مشترکہ کوشش کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری یہ کاوش صوبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی اور ہم مل کر اپنے نوجوانوں کے مستقبل کو روشن بنائیں گے اور بلوچستان حکومت اس کے لیے ایک مثبت کردار ادا کرے گی۔
جان اچکزئی نے بتایا کہ یہ سب کو معلوم ہے کہ دور جدید میں ای کامرس کسی بھی معیشت میں اہم مقام رکھتا ہے اور اس کے فروغ کے لیے دنیا بھر میں کوشش کی جارہی ہے، اس کی اہمیت کو جانتے ہوئے محکمہ اطلاعات بلوچستان، بلوچستان ویلفیئر سوسائٹی کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے جارہی ہے جس کا مقصد ای کامرس پروگرام کے لیے بہترین فریم ورک تیار کرنا اور ای کامرس کو فروغ دینا ہے، اس پروگرام کے تحت کاروباری افراد بالخصوص بلوچستان چیمبر آف کامرس کے جو اراکین ہے ان کی تربیت کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پروگرام کے تحت تاجر برادری کو بین الاقوامی معیار کے مطابق مصنوعات کی پیکنگ اور امریکا،کینیڈا اور یورپ کی منڈیوں تک اشیا کی ترسیل یقینی بنانے کے طریقوں پر مفید معلومات اور تربیت فراہم کی جائے گی۔