پاکستان

افغانستان دہشتگرد عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کے بجائے ’ڈبل گیم‘ کھیل رہا ہے، جان اچکزئی

افغان حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ کسی بھی گروپ کو پاکستان میں حملوں کے لیے اپنی سرزمین استعمال کرنے سے روکے، نگران وزیر اطلاعات بلوچستان

بلوچستان کے نگران وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے الزام عائد کیا ہے کہ افغان حکومت افغان سرزمین استعمال کرتے ہوئے پاکستان میں دہشت گردی کے حملوں میں ملوث عناصر کو کیفرکردار تک پہنچانے کے بجائے ’ڈبل گیم‘ کھیل رہی ہے اور معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بارہا افغان حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان دہشت گردوں کو حوالے کرے جن کی فہرست پاکستان نے افغانستان کو ثبوتوں کے ساتھ فراہم کی تھی لیکن افغان حکومت نے اب تک اس کا مثبت جواب نہیں دیا۔

جان اچکزئی نے خبردار کیا کہ پاکستان اپنے مطالبات کے لیے کسی بھی حد تک جائے گا، بنوں میں دہشتگردوں کے حالیہ حملوں میں افغان شہری ملوث پائے گئے جو تفتیش کاروں کے دریافت کردہ افغان شناختی کارڈز سے ثابت ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جن افغان مہاجرین کے پاس اپنے ملک کے شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات ہیں وہ سیکیورٹی رسک بن گئے ہیں اور انہیں ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔

جان اچکزئی نے زور دے کر کہا کہ یہ طالبان حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ کسی بھی گروپ کو پاکستان میں حملوں کے لیے اپنی سرزمین استعمال کرنے سے روکے۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی افغان کو پاسپورٹ اور ویزے کے بغیر پاکستان میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ حکومت پاکستان کا دونوں جانب سے بین الاقوامی سرحدوں کو عبور کرنے کے لیے ایک دستاویزی نظام کے نفاذ سے پیچھے ہٹنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

اراکین اسمبلی کے اثاثوں کی معلومات تک محدود رسائی، انتخابات کی شفافیت پر سوالیہ نشان

تبو نے پہلی بار اپنے پاکستانی والد کے بارے میں وضاحت کردی

کوپ 28 کانفرنس: متحدہ عرب امارات کا 30 ارب ڈالر کے کلائمٹ فنڈ کے قیام کا اعلان