لائف اسٹائل

سسپنس، ڈرامے سے بھرپور کرائم تھرلر فلم ’چِکڑ‘ کا ٹریلر جاری

اداکاری عثمان مختار کی فلم کو دریچے پروڈکشن کے تحت 22 دسمبر کو کرسمس کے موقع پر سنیما گھروں میں ریلیز کے لیے پیش کی جائے گی۔

اداکار عثمان مختار، اشنا شاہ، فریال محمود اور نوشین شاہ کی کاسٹ پر مبنی فیچر فلم ’چکڑ‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا ، رواں سال 22 دسمبر کو ملک بھر کے سینما گھروں میں فلم نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

’چکڑ‘ پنجابی زبان کا لفظ ہے، جس کے معنی ’کیچڑ‘ ہے، مذکورہ فلم کی کہانی سماجی مسائل پر مبنی ہے، تاہم ٹیزر سے فلم کی کہانی کو سمجھنا مشکل ہے۔

ظہیر الدین کی ہدایت کردہ فلم کو دریچے پروڈکشن کے تحت ریلیز کیا جائے گا اور 22 دسمبر کو کرسمس کے موقع پر سینماؤں کی زینت بنائے جانے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

جاری کیے گئے ایک منٹ 44 سیکنڈ کے مختصر ٹریلر میں فلم کے تقریباً تمام مرکزی کرداروں کو جھلکیاں دکھائی گئی ہیں، جن میں سلیم معراج اور عدنان شاہ ٹیپو جیسے اداکار بھی شامل ہیں۔

ٹریلر میں عثمان مختار کو پنجاب پولیس کے پولیس افسر کے روپ میں دکھایا گیا ہے جب کہ فریال محمود کو مردوں کے ہجوم میں رقص کرتے دکھایا گیا ہے۔

ٹریلر کے آخر میں عثمان مختار کا ایک ڈائیلاگ ہے جس میں وہ کہتے ہیں کہ ’جانتے ہو دنیا کا سب سے پرانا دو قومی نظریہ کیا ہے؟ امیر اور غریب!۔‘

یہ کرائم تھرلر جو ظہیرالدین کی ڈائرکٹریل ڈیبیو ہے، ظہیر نے متعدد معروف ٹی وی اشتہارات میں سحر انگیز کہانی نویسی اور منفرد انداز کے ذریعے خاص پہچان حاصل کی ہے۔

ٹریلر لانچ کے موقع پر رائٹر اور ڈائریکٹر ظہیرالدین کا کہنا تھا کہ ’چکڑ‘ ہمارے معاشرے کی اُن تلخ حقیقتوں کو بیان کرتی ہے جس کے بارے میں جانتے سب ہیں مگر انہیں نظر انداز کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’اس فلم کا سنیمیٹک سفر اور اس کی کہانی ہمارے ملک کی پیچیدگیوں کا مشاہدہ کرتے ہوئے سسپنس، ڈرامے اور حقیقت پسندی کو ایک انوکھے امتزاج میں پیش کرے گی ۔‘

فلم کے ٹریلر میں سنجیدگی، تخلیقی صلاحیت، حساس موضوعات اور حقیقت پسندانہ مناظر شامل کیے گئے ہیں۔

پنجاب کے ایک چھوٹے سے قصبے پر مبنی دریچے فلمز کی یہ پروڈکشن ایک جاندار کرائم سسپنس تجربے کی ضمانت دیتی ہے۔

’چکڑ‘ 8 دنوں پر محیط ایک سماجی ڈائری ہے، جس میں عثمان مختار، اشنا شاہ، فریال محمود، نوشین شاہ، سلیم معراج، علی شیخ، عدنان شاہ ٹیپو سمیت ٹی وی اور تھیٹر کے دیگر تجربہ کار اداکار اپنی شاندار پرفارمنس سے جلوہ گر ہوں گے۔

عثمان مختار کی فلم ’چکڑ‘ دسمبر میں ریلیز کرنے کا اعلان

عثمان مختار کی فلم ’گلابو رانی‘ سات عالمی ایوارڈ جیتنے میں کامیاب

عثمان مختار کی ایوارڈ یافتہ مختصر فلم 'بینچ' ریلیز