پاکستان میں جتنی صلاحیتیں دکھائی جا سکتی تھیں، دکھا چکا، عفان وحید
مقبول اداکار عفان وحید کا کہنا ہے کہ پاکستان کی شوبز انڈسٹری میں جتنی صلاحیتیں دکھائی جا سکتی تھیں، وہ دکھا چکے۔
عفان وحید نے حال ہی میں مزاحیہ پروگرام ’مذاق رات‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کیریئر پر کھل کر بات کی۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ اداکار نہیں بننا چاہتے تھے لیکن حادثاتی طور پر اداکار بنے اور پھر اداکاری ہی کرتے رہے۔
اداکار نے بتایا کہ انہوں نے ریڈیو جوکی (آر جے) کے طور پر کیریئر کا آغاز کیا اور وہ تقریباً 8 سال تک ریڈیو میں پروگرامات کی میزبانی کرتے رہے، جس کے بعد انہوں نے اداکاری میں قدم رکھا۔
ان کے مطابق انہوں نے معروف ڈرامے ’تیرے پہلو میں‘ سے اداکاری کا آغاز کیا اور ان کا کردار کافی دیر کے بعد شروع ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈرامے کے پہلے ہیرو کے کردار ختم ہونے کے بعد ان کا کردار شامل کیا گیا اور ڈرامے سے شہرت ملنے کے بعد انہوں نے اداکاری کو جاری رکھا۔
اداکار کا کہنا تھا کہ انہوں نے اگرچہ نیشنل کالج آف آرٹ (این سے اے) لاہور سے اداکاری، گلوکاری اور آرٹ کی تعلیم حاصل کی تھی لیکن انہیں اداکاری کا شوق نہیں تھا، وہ حادثاتی طور پر شوبز میں شامل ہوئے۔
پروگرام میں بات کرتے ہوئے عفان وحید نے ایک انکشاف کیا کہ انہیں اور عمران اشرف کو ایک ہی خوف ہے کہ کہیں ان کے بال نہ گر جائیں، وہ گنجے نہ ہوجائیں۔
محبت سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں عفان وحید کا کہنا تھا کہ اگرچہ وہ حسن پرست ہیں لیکن وہ دل پھینک نہیں جب کہ انہوں نے یک طرفہ محبت بھی نہیں۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ جمالی ذوق کے بغیر زندگی نہیں گزاری جا سکتی لیکن واحد چیز دل ہی ہے، جسے انہوں نے سنبھال کر رکھا ہوا ہے۔
پروگرام میں اپنی صلاحیتوں اور پاکستانی شوبز انڈسٹری سے متعلق پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس جتنا ٹیلنٹ تھا وہ اس کا استعمال کر چکے ہیں۔
عفان وحید کے مطابق ان کے پاس جتنی صلاحیتیں تھیں اور وہ جتنی صلاحیتیں پاکستان میں دکھا سکتے تھے وہ دکھا چکے۔
انہوں نے بتایا کہ ہر اداکار کی اپنی بھی کچھ حدود ہوتی ہیں، اس لیے کچھ ایسی صلاحیتیں ہیں جو انہوں نے کہیں نہیں دکھائیں اور وہ نہ دکھانا چاہتے ہیں۔