پاکستان

کراچی: کھلے مین ہول میں گرنے سے دو سالہ بچی جاں بحق

مسکان اپنی دادی سے ملنے جا رہی تھی کہ مین ہول میں گر گئی، نارتھ ناظم آباد میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا، پولیس

کراچی کے علاقے ملیر کے میمن گوٹھ میں ایک کھلے مین ہول میں گرنے سے دو سالہ بچی جاں بحق ہوگئی۔

میمن گوٹھ پولیس کے ایس ایچ او فیصل لطیف نے بتایا کہ دو سالہ مسکان اسی محلے میں رہنے والی اپنی دادی سے ملنے جا رہی تھی کہ مین ہول میں گر گئی۔

انہوں نے بتایا کہ بچی کی لاش برآمد کی گئی اور قانونی کارروائی کے لیے اسے جناح ہسپتال بھیج دیا گیا جبکہ واقعے کے حوالے سے علاقہ مکینوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے دو سالہ بچی کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گٹر/مین ہول کے ڈھکن چوری کر کے کباڑ کے ڈیلروں کو فروخت کیے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل رواں سال اگست میں دو بچے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہو گئے تھے۔

15 اگست کو میمن گوٹھ میں اپنے والدین کے ہمراہ دعوت پر جانے والا 3سالہ بچہ نعمان مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگیا تھا۔

اس واقعے کے دو ہفتے بعد 31 اگست کو مواچھ گوٹھ کے علاقے موچکو میں مین ہول نے کمسن بچی کی جان لے لی تھی۔

ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک شہری جاں بحق

دوسری جانب نارتھ ناظم آباد میں ہفتے کی شام مشتبہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک شہری جاں بحق ہو گیا۔

ناظم آباد پولیس کے ایس ایچ او فاروق احمد سنجرانی نے بتایا کہ مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ریسٹورنٹ سے ’شوارما‘ خریدنے والے ایک شہری سے 10 ہزار روپے چھین لیے اور فرار ہوتے ہوئے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 55 سالہ راہگیر محمد عارف گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔

انہوں نے بتایا کہ راہگیر کو پیٹ میں گولی لگنے سے شدید زخم آئے اور اسے عباسی شہید ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

اس سے قبل گزشتہ روز جمعے کی شام کو منگھوپیر میں ایک نوجوان کو مبینہ طور پر اس کے ساتھیوں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

منگھوپیر کے ایس ایچ او ماجد علوی نے بتایا کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار افراد جا رہے تھے کہ میر محمد گوٹھ میں ان میں سے ایک نے مقتول کو اپنی موٹر سائیکل سے اتارا اور اپنے ساتھیوں کے ساتھ فرار ہونے سے پہلے اس پر فائرنگ کر دی۔

ساتھیوں کی فائرنگ سے وہ شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا، جس کی عمر 30سال سے زائد بتائی جا رہی ہے۔

مقتول کی جیب سے ایک موبائل فون اور چند ہزار روپے برآمد ہوئے اور ایس ایچ او نے خدشہ ظاہر کیا کہ مقتول کو اس کے ساتھیوں نے شاید کسی نجی معاملے کی وجہ سے قتل کیا۔

لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں فوری طور پر اس کی شناخت نہیں ہوسکی۔