ٹک ٹاکرز مواد کے نام پر اپنی فیملی بیچ رہے ہیں، فہد مصطفیٰ
اداکار فہد مصطفیٰ نے ٹک ٹاکرز پر شدید تنقید کرتےہوئے کہا کہ مواد کے نام پر ہر کوئی اپنی فیملی کو بیچ رہا ہے، انٹرنیٹ پر صبح، دوپہر، شام کچن اور گھر کی باتیں شئیر کررہے ہوتے ہیں، لوگ قبرستان تک بھی نہیں چھوڑتے، یہ کون سا مواد ہے؟
حال ہی میں فہد مصطفیٰ نے شعیب ملک کے اردو فلکس پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے ہانیہ عامر سے متعلق متعدد باتیں کیں۔
پروگرام کے دوران شعیب اختر نے سوال پوچھا کہ آپ کو لگتا ہے کہ سوشل میڈیا سے بہت سے ٹک ٹاکرز ، انفلوئنسرز جو کانٹینٹ فراہم کرتے ہیں اور ان کی فالوونگ زیادہ ہے، تو ایک دم سے ڈرامے میں فہد مصطفیٰ کے مدمقابل آجائیں گے، کیا آپ یہ قبول کریں گے؟ جس پر فہد مصطفیٰ نے ٹک ٹاکرز کے مواد کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ ’میری کون سی میراث ہے، مواد یا Content سب سے زیادہ اووریٹڈ لفط ہے، ہر کوئی اپنی فیملی کو بیچ رہا ہے، صبح، دوپہر، شام کچن اور گھر کی باتیں لوگوں سے شئیر کررہے ہوتے ہیں، لوگ قبرستان تک بھی نہیں چھوڑتے، یہ کون سا مواد ہے؟ میں نہیں چاہتا کہ لوگ مجھے اس قسم کے مواد کے لیے جانیں، میں اچھی یا بُری کہانی سنا سکتا ہوں، اپنے گھر کو نہیں بیچ سکتا۔‘
انہوں نے کہا کہ میں ایسے کئی لوگوں سے مل چکا ہوں جن کے لاکھوں فالوورز ہیں، جب وہ ڈرامے کی شوٹ پر جاتے ہیں تو انہیں کسی پروگرام کی شوٹنگ اور مرحلوں کا سمجھ ہی نہیں آتا۔
پروگرام کے دوران فہد مصطفیٰ نے بتایا کہ ’ان کے ڈراموں کے گانے بہت زیادہ مشہور ہوتے ہیں، کیفی خلیل کا مقبول گانا ’کہانی سنو‘ ہٹ ہونے سے قبل میرے پاس آیا تھا۔‘
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’ اس گانے کو پہلے میں نے سنا اور مجھے بے حد پسند آیا، میرے دفتر کے 6، 7 لوگوں نے کہا یہ گانا فلاپ جائے گا لیکن اندازہ نہیں تھا کہ یہ پورے ملک میں اتنا سپر ہٹ ہوگا۔’
اداکار سے سوال پوچھا گیا کہ وہ کون سی تین ادکارائیں ہیں جن کے ساتھ وہ کام کرنا پسند کریں گے؟ جس کے جواب میں فہد مصطفیٰ نے تین بار ’ہانیہ عامر‘ کا نام لیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ صرف ہانیہ عامر کے ساتھ ہی فلم کرنا چاہیں گے،’ماہرہ کے بعد اگر کسی کے اندر ’اسٹار‘ بننے کی صلاحیت ہے تو وہ ہانیہ عامر ہے، وہ بہت محنتی اداکارہ ہیں اور دل کی بہت اچھی ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ پہلے میں سمجھتا تھا کہ اچھا اداکار اچھا انسان بھی ہوتا ہے، لیکن اب میں اس پر یقین نہیں رکھتا، ٹیلنٹ اچھے بُرے کو نہیں دیکھتا، وہ اپنی جگہ ہوتا۔
فہد مصطفیٰ نے کہا کہ ’ہانیہ عامر کی الگ بات ہے، وہ دل کی بہت اچھی انسان اور اداکارہ ہیں، میں نے ان کے ساتھ کبھی کام نہیں کیا، میں انہیں کافی سالوں سے کہہ رہا ہوں کہ تھوڑی بڑی ہوجاؤ پھر ایک ساتھ فلم کریں گے، پہلے وہ مجھے بہت چھوٹی لگتی تھی، اب وہ بڑی ہوگئی ہے، اب ہم ایک فلم کرنے جارہے ہیں‘۔