خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کمیٹی کا اجلاس، نجکاری کا عمل تیز کرنے کی ہدایت
خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی اپیکس کمیٹی نے سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور خسارے کے شکار سرکاری اداروں کی نجکاری کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کردی۔
اسلام آباد میں نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت ایس آئی ایف سی کی اپیکس کمیٹی کا ساتواں اجلاس ہوا، جہاں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر، نگران کابینہ کے ارکان، نگران صوبائی وزرائے اعلی اور اعلیٰ حکومتی عہدیداروں نے شرکت کی۔
کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ اجلاس میں ایس آئی ایف سی کے تحت ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ اجلاس میں مختلف وزارتوں نے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ اور طے شدہ اہداف کے بروقت حصول میں سہولت کے لیے ہونے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
اپیکس کمیٹی نے ایس آئی ایف سی کے تحت سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کیےگئے مختلف اقدامات پر پیش رفت انتہائی اطمینان بخش قرار دے دی اور ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کے لیے دوست ممالک سے روابط میں تیزی، سرکاری اور نجی اداروں سے تعاون کے اقدامات کی تعریف کی۔
ایس آئی ایف سی کی اپیکس کمیٹی نے سرمایہ کار براداری کے ساتھ مختلف اقدامات کے حوالے سے مؤثر روابط بڑھانے کی بھی تعریف کی، جس کی بدولت ملکی اور غیر ملکی سطح پر منصوبوں کے حوالے سے پیش رفت میں تیزی واقع ہوئی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ کمیٹی نے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اقدامات کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے کی پالیسی اقدمات کا بھی جائزہ لیا۔
اجلاس کے حوالے سے بتایا گیا کہ ان پالیسی اقدامات میں غیرملکی سرمایہ کاروں کے منافعے کی منتقلی، ملک میں کاروباری تنازعات کا حل، مواصلاتی بنیادی ڈھانچہ اور افرادی قوت کی بین الاقوامی معیار کے مطابق ترقی، ایگزم بینک کو ترجیحی بنیاد پر فعال بنانا شامل ہے۔
کمیٹی نے ملک میں تیل اور گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری کے ذریعے اس مسئلے کے پائیدار حل کے لیے جامع لائحہ عمل بنا کر پیش کرنے کی ہدایت کی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ کمیٹی نے خسارے کے شکار سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل کا جائزہ لیا اور کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور نجکاری کا عمل مزید تیز کرنے کی ہدایت کردی۔
اس موقع پر نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے تمام متعلقہ اداروں اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ ایس آئی ایف سی کے تحت اقدامات پر بھرپور تعاون اور محنت سے عمل کیا جائے تاکہ پاکستان نہ صرف قلیل اور وسط مدتی ثمرات سے فائدہ اٹھا سکے بلکہ ملک کے وسیع تر مفاد میں طویل مدتی اقدامات کی راہ بھی ہموار ہو۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پاکستان کی پائیدار معاشی بحالی میں پاک فوج کے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کے عزم کا یقین دلایا۔