لائف اسٹائل

شوہر امیر آدمی نہیں، عام سی نوکری کرتے ہیں، غنا علی

شادی کے بعد غنا علی پر الزامات لگائے گئے تھےکہ انہوں نے دولت کی خاطر پہلے سے ہی شادی شدہ اور ایک بچے کے باپ سے شادی کی ہے۔

اداکارہ غنا علی نے دولت کی خاطر شادی کرنے سے متعلق الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے شوہر عام سی نوکری کرتے ہیں، ان کا تعلق مڈل کلاس گھرانے سے ہے، مجھ پر لگائے تمام الزامات جھوٹے ہیں۔

غنا علی نے 17 مئی 2021 کو کراچی کے کاروباری شخص عمیر گلزار سے شادی کی تھی، جس سے ان کے ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہیں۔

شادی کے بعد غنا علی پر الزامات لگائے گئے تھےکہ انہوں نے دولت کی خاطر پہلے سے ہی شادی شدہ اور ایک بچے کے باپ سے شادی کی ہے، تاہم انہوں نے ان افواہوں کی تردید کردی تھی۔

اب حال ہی میں انہوں نے ایف ایچ ایم پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے شادی کے دو سال بعد شوبز انڈسٹری میں انٹری، سوشل میڈیا افواہوں اور خود سے متعلق بسا بسایا گھر توڑنے کی تمام افواہوں پر کھل کر گفتگو کی۔

پوڈکاسٹ کے شروع میں غنا علی نے کہا کہ ’والد کی خواہش تھی کہ میں وکیل بنوں، اگر آج میں وکیل بن جاتی تو زیادہ اچھا ہوتا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’تعلیم بہت ضروری ہے، میری بیٹی مستقبل میں اگر ڈراموں میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کرے گی تب بھی میں اسے بولوں گی کہ پہلے ڈگری مکمل کرو، روزگار کے لیے شوبز انڈسٹری پر مکمل اعتماد نہیں کرسکتے ہیں، کیونکہ یہاں آپ کچھ دن کے لیے اسٹار ہوتے ہیں۔ ’

ٹی وی ڈراموں سے کچھ وقت کے لیے کنارہ کشی کرنے سے متعلق سوال پر اداکارہ نے کہا کہ شادی کے بعد انہوں نے دو سال کے لیے بریک لیا تھا، اب وہ ایک بار پھر نجی ٹی وی پر نشر ہونے والے ڈرامے کے ساتھ کم بیک کررہی ہیں۔

شادی کرنے اور شوبز انڈسٹری سے کچھ وقت کے لیے کنارہ کشی اختیار کرنےسے متعلق غنا علی نے کہا کہ ’میرے خیال سے فیملی بنانے کے بعد مجھ میں عقل آگئی ہے، معلوم ہوگیا ہے کہ دنیا کی اصلیت کیا ہے، جب تک میری شادی نہیں ہوئی تھی میری زندگی میں ٹھہراؤ نہیں تھا، شادی اور فیملی انسان کے لیے بہت ضروری ہے۔‘

غنا علی نے کہا کہ ’شریف مردوں کی بہت کمی ہے، آج کل خوبصورتی مل جائے گی، لیکن اگر شرافت نہیں ہوگی تو سکون بھی نہیں ملے گا، ایسی خوبصورتی کو کوڑے دان میں ڈال دینا چاہیے، شریف آدمی سب سے بہترین ہوتےہیں۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’لڑکیوں کی سوچ ہوتی ہے کہ انہیں شادی کے لیے ہینڈسم مرد چاہیے جو امیر بھی ہوں، لڑکیوں کو اپنے دماغ خراب نہیں کرنے چاہییں، اللہ پر یقین رکھیں، زندگی میں وقت کے ساتھ ساتھ پیسا بھی آجاتا ہے۔‘

انہوں نے تسلیم کیا کہ جب ان کی عمیر گلزار سے شادی ہوئی تو ان کے شوہر پہلے سے ہی اچھا کماتے تھے۔

غنا علی نے کہا کہ ’وہ اللہ سے دعا کرتی تھیں کہ ان کی شادی ہوجائے، ’میں اکیلے نہیں رہنا چاہتی تھی۔‘ جس پر میزبان نے کہا کہ ’شادی تو آپ سے کوئی بھی کرلیتا‘۔

جس پر اداکارہ نے بات کاٹتے ہوئے کہا کہ ’ایسے مرد سے شادی نہیں کرنی کہ ایک ہاتھ سے شراب پی رہا ہو اور دوسرے ہاتھ سے سگریٹ پی رہا ہو، مجھے شریف آدمی سے شادی کرنی تھی جس کو گھر، بیوی اور بچے چاہیے اور الحمداللہ آج بھی خوش ہوں۔‘

اداکارہ نے ایک بار پھر اپنے شوہر کی پہلی شادی سے متعلق وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ’میرے شوہر کی پہلی شادی ختم ہوچکی ہے، میری شادی سے قبل ان کی علیحدگی ہوچکی تھی، میرے شوہر کی پہلی بیوی بھی اپنی زندگی میں آگے بڑھ چکی ہیں۔‘

سوشل میڈیا پر اداکارہ پر الزام تھا کہ انہوں نے دولت کی خاطر شادی کی ہے جس پر اداکارہ نے پوڈکاسٹ پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ان کے شوہر عام سی نوکری کرتے ہیں، ’میرے شوہر ڈپٹی ڈائریکٹر ہیں، تمام الزامات جھوٹے تھے، میرے شوہر امیر آدمی نہیں ہیں، وہ عام سے مڈل کلاس آدمی ہیں۔‘

گولڈ ڈگر کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ مجھ پر گولڈ ڈگر کے الزامات لگائے گئے لیکن مجھے کوئی بتا دے کہ گولڈ کہاں ہے؟’

یاد رہے کہ گولڈ ڈگر انگریزی کی اصطلاح ہے جو پاکستان میں بھی بے دریغ استعمال کی جاتی ہے، جس سے عام طور پر مراد ایسی خواتین ہیں جو ایک امیر شخص کی توجہ حاصل کرنا چاہتی ہیں تاکہ اس سے پیسے یا تحائف لیے جاسکیں۔

غنا علی کے مطابق شادی کے بعد ان پر کئی طرح کے سنگین الزامات لگائے گئے اور انہیں یہ جھوٹ بھی بولا گیا کہ ان کے شوہر کی سابق بیوی نے خود کشی کرلی، ’شوہر کی سابقہ بیوی نے جو الزامات لگائے اس دوران کچھ وقت کے لیے مجھے اپنے شوہر پر بھی شک ہوگیا تھا۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’اس خاتون نے اپنے ردعمل سے ثابت کردیا کہ سب جھوٹ ہے، اگر وہ خاتون ایسا ردعمل نہ دیتیں تو شاید آج بھی میں اپنے شوہر کو غلط سمجھتی۔‘

میزبان نے سوال پوچھا کہ ’آپ کو خواتین پروڈیوسرز ڈراموں میں کاسٹ کیوں نہیں کرتیں، کیا آپ کو عورتوں سے کوئی مسئلہ ہے؟‘

جس پر اداکارہ نے جواب دیا کہ ’مجھے بھی آج تک یہ بات سمجھ نہیں آئی، اگر انہیں کاسٹ نہیں کرنا تو نہ کریں میں اپنی عزت نفس کو ترجیح دوں گی، عزت نفس بہت ضروری ہے، پیسا ہو اور کامیابی ہو لیکن عزت نفس نہ ہو تو کیا فائدہ؟‘

اداکارہ نے کہا کہ ’شوبز انڈسٹری میں بہت سے لوگوں کے ہزاروں مسائل ہیں، ان میں سے بہت سے لوگ خوش نہیں ہیں، ایسے لوگ بہت عجیب صورتحال میں رہتے ہیں، انہیں صرف یہی فکر ہوتی ہے کہ دوسروں نے کونسا برینڈ پہناہے، اس لیے میں شوبز انڈسٹری کے لوگوں سے دوستی نہیں کرتی، یہاں مردوں سے زیادہ خواتین برینڈ کے بارے میں فکر مند ہوتی ہیں۔‘

شادی کی تو لوگوں نے برا بھلا کہا، لعن طعن کی، بددعائیں دیں، غنا علی

اداکارہ غنا علی کے ہاں بچے کی پیدائش

منفی کردار کرنے کے بعد ماہر نفسیات کے پاس جانا پڑا، غنا علی