پاکستان

لاہور: ڈیزائنر خدیجہ شاہ کی اشتعال انگیز بیان دینے کے مقدمے میں ضمانت منظور

ایڈیشنل سیشن جج لاہور محمد نواز نے ایف آئی اے کی جانب سے دائر مقدمے میں خدیجہ شاہ کی ضمانت منظور کرلی۔
|

لاہور کی مقامی عدالت نے 9 مئی کو اشتعال انگیز بیان دینے کے مقدمے میں مشہور فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ کی ضمانت منظور کرلی۔

ایڈیشنل سیشن جج لاہور محمد نواز نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے دائر مقدمے میں خدیجہ شاہ کی ضمانت منظور کرلی۔

عدالت نے خدیجہ شاہ کی ضمانت ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی۔

خیال رہے کہ خدیجہ شاہ کے خلاف ایف آئی اے لاہور نے مقدمہ درج کیا تھا جبکہ خدیجہ شاہ نے وکیل بیرسٹر سمیر کھوسہ کے توسط سے درخواست ضمانت دائر کی تھی۔

قبل ازیں لاہور ہائی کورٹ نے 9 مئی کے پُرتشدد احتجاج کے دوران جناح ہاؤس اور عسکری ٹاور حملوں سے متعلق درج مقدمات میں خدیجہ شاہ کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری منظور کی تھی۔

لاہور ہائی کورٹ نے 11 اکتوبر کو فیشن ڈیزائنر کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

واضح رہے کہ رواں سال 9 مئی کو سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی القادر ٹرسٹ کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی نے ملک گیر احتجاج کیا تھا۔

لاہور میں چند مشتعل افراد نے کور کمانڈر ہاؤس (جناح ہاؤس) پر حملہ کرکے وہاں توڑ پھوڑ کی اور فوجی تنصیبات نذر آتش کی تھیں، جس کے بعد حکومت نے فوجی تنصیبات پر حملے میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا تھا، جس کے بعد پی ٹی آئی کے کئی مرکزی رہنماؤں سمیت سیکڑوں کارکنان کی گرفتاری عمل میں آئی تھی۔

اچھی اداکاری کے لیے ہدایت کار نے’ففٹی شیڈز آف گرے’ دیکھنے کا کہا، منیب بٹ

اسٹوکس کی سنچری، انگلینڈ نے نیدرلینڈز کو باآسانی 160رنز سے شکست دے دی

نگران وزیراعظم کا ازبکستان کے ساتھ بڑھتے ہوئے باہمی تعاون پر اظہار اطمینان