یو یو ہنی سنگھ اور شالنی تلوار کی شادی طلاق پر ختم
معروف بھارتی پنجابی گلوکار و ریپر یو یو ہنی سنگھ اور ان کی اہلیہ گلوکارہ و ماڈل شالنی تلوار کے درمیان طلاق کے معاملات طے ہونے کے ایک سال بعد عدالت نے ان کی طلاق کی منظوری دے دی۔
دونوں کے درمیان ستمبر 2022 میں طلاق کے معاملات طے پاگئے تھے اور دونوں نے اپنی شادی ختم کرنے کی رضامندی ظاہر کردی تھی۔
دونوں کی جانب سے طلاق پر رضامندی کے قسم نامے عدالت میں جمع کروائے گئے تھے، تاہم اس کے باوجود انہیں عدالت کی جانب سے طلاق کی ڈگری جاری نہیں کی گئی تھی لیکن اب انہیں طلاق کے دستاویزات دے دیے گئے۔
بھارتی نشریاتی ادارے ’نئی دہلی ٹیلی وژن‘ (این ڈی ٹی وی) کے مطابق ہنی سنگھ اور شالنی تلوار کی طلاق اور دونوں کے درمیان گھریلو تشدد و ریپ کے الزامات کے مقدمے کی سماعت نئی دہلی کی فیملی کورٹ میں ہوئی۔
عدالت نے مختصر سماعت کے دوران گلوکار ہنی سنگھ سے دریافت کیا کہ کیا وہ کسی طرح بھی اہلیہ کے ہمراہ رہنا چاہیں گے، جس پر انہوں نے نفی میں جواب دیا، جس کے بعد عدالت نے انہیں طلاق کی ڈگری جاری کردی۔
ہنی سنگھ نے ستمبر 2022 میں عدالت میں اہلیہ کو ایک کروڑ روپے کا چیک دیا تھا، جس کے بعد ہی دونوں نے طلاق پر رضامندی ظاہر کی تھی۔
دونوں کے درمیان نئی دہلی کی فیملی کورٹ میں تقریباً دو سال سے کیس زیر سماعت تھا۔
ہنی سنگھ پر ان کی اہلیہ گلوکارہ و ماڈل شالنی تلوار نے 2021 میں جنسی استحصال، گھریلو تشدد، دوسری خواتین کے ساتھ جنسی تعلقات استوار کرنے اور انہیں دھوکا دینے سمیت مختلف الزامات کے تحت 20 کروڑ روپے کے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا۔
شالنی تلوار نے ہنی سنگھ پر اگست 2021 میں ہرجانے کا دعویٰ دائر کرتے ہوئے درخواست میں دعویٰ کیا تھا کہ ان کے شوہر شراب نوشی کرنے سمیت متعدد خواتین کے ساتھ جنسی تعلقات میں بھی ملوث رہے ہیں جب کہ وہ انہیں گالیاں بھی دیتے رہتے ہیں۔
شالنی تلوار نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی شادی کے بعد ہی ان کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے اور ہنی مون کے فوری بعد ہی ان میں تلخیاں پیدا ہوگئی تھیں، ساتھ ہی انہوں نے شوہر پر جنسی استحصال اور گھریلو تشدد کے الزامات بھی عائد کیے تھے۔
اہلیہ کی جانب سے دعویٰ دائر کیے جانے کے بعد اگرچہ ہنی سنگھ نے الزامات کو مسترد کردیا تھا اور دونوں کا کیس عدالت میں زیر سماعت تھا جب کہ عدالت نے دونوں کو صلح کا مشورہ بھی دیا تھا۔
ہنی سنگھ اور شالنی تلوار نے جنوری 2011 میں شادی کی تھی اور حالیہ اختلافات سے قبل بظاہر ان کے درمیان کبھی تنازعات کی خبریں سامنے نہیں آئی تھیں۔
گزشتہ برس دونوں کے درمیان طلاق پر رضامندی کے بعد اب عدالت نے ایک سال بعد ان کی شادی ختم ہونے کی قانونی ڈگری جاری کردی۔