ٹوئٹر پرغیر متحرک اکاؤنٹس کی خرید و فروخت شروع کیے جانے کا امکان
اطلاعات ہیں کہ مائکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ٹوئٹر (ایکس) پر جلد ہی ممکنہ طور پر غیر متحرک ٹوئٹر ہینڈلز یعنی اکاؤنٹس کی خرید و فروخت شروع کی جائے گی، جہاں کسی بھی اکاؤنٹ کو زیادہ سے زیادہ 50 ہزار امریکی ڈالر میں خریدا یا فروخت کیا جا سکے گا۔
جی ہاں، حیران کن خبر سامنے آئی ہے،جس کے مطابق ٹوئٹر پر موجود غیر متحرک اکاؤنٹس کی خرید و فروخت کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔
امریکی جریدے ’فوربز‘ کے مطابق ٹوئٹر کے ایک ملازم نے نام نہ بتانے کی شرط پر انہیں معلومات فراہم کی، جس کے مطابق جلد ہی ایکس پر ایک ایسا مارکیٹ پلیس فیچر متعارف کرایا جائے گا، جہاں غیر متحرک اکاؤنٹس کی خرید و فروخت کی جا سکے گی۔
منصوبے کے تحت صارفین اپنی مرضی کے وہ اکاؤنٹس خرید سکیں گے جو ٹوئٹر پر پہلے سے ہی موجود ہیں لیکن وہ کسی اور کی ملکیت ہیں یا پھر انہیں بنا کر غیر متحرک چھوڑ دیا گیا۔
یعنی خریدنے والے افراد کوئی ایسا اکاؤنٹ بھی خرید سکیں گے جو ان کے نام سے بنا ہوا ہو یا پھر کوئی بھی کمپنی پہلے ہی اپنے نام کے بنے ہوئے اکاؤنٹ کو خرید سکے گی۔
اندازوں کے مطابق ٹوئٹر پر تقریبا ڈیڑھ ارب ایسے اکاؤنٹس ہیں جو غیر متحرک ہیں یا پھر انہیں کبھی کبھار ہی استعمال کیا جاتا ہے اور یہ ان میں سے کروڑوں اکاؤنٹس ایسے ہیں جو ملتے جلتے ناموں سے بنے ہوئے ہیں۔
اگرچہ فوری طور پر ٹوئٹر نے اس خبر کی تصدیق یا تردید نہیں کی لیکن فوربز کو ٹوئٹر کے حالیہ ملازم کی جانب سے بھیجی گئی ای میل میں بتایا گیا کہ جلد ہی ایکس پر ایسا فیچر پیش کیا جائے گا، جس کے تحت کوئی بھی اکاؤنٹ کو خرید یا فروخت کر سکے گا۔
اس ضمن میں ٹوئٹر ثالث کا کردار ادا کرے گا اور خریدنے اور بیچنے والے کے درمیان اپنی فیس کا کچھ حصہ بھی رکھے گا اور زیادہ سے زیادہ کسی اکاؤنٹ کی قیمت 50 ہزار امریکی ڈالر یعنی پاکستانی تقریبا ڈیڑھ کروڑ روپے لگائی جائے گی۔
تاہم کروڑوں اکاؤنٹس کی قیمت انتہائی کم ہوگی لیکن کسی بھی اکاؤنٹ کی کم سے کم قیمت کیا ہوگی، اس متعلق فی الحال کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔
خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ایکس پر مذکورہ فیچر اگلے چند ماہ میں پیش کیا جائے گا، زیادہ تر امکان یہی ہے کہ اسے 2024 کے وسط سے قبل ہی متعارف کرایا جائے گا۔