پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کو اسلام آباد سے گرفتار کر لیا گیا
سابق اسپیکر قومی اسمبلی و رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اسد قیصر کو گزشتہ روز ان کی رہائش گاہ پر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ خیبر پختونخوا اور اسلام آباد پولیس نے مشترکہ طور پر چھاپے کے دوران گرفتار کرلیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پولیس ذرائع نے بتایا کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے خیبرپختونخوا میں ایک تعلیمی ادارے کے لیے طبی آلات کی خریداری کے دوران مبینہ کرپشن سے متعلق کیس کے سلسلے میں اسد قیصر کی گرفتاری کے لیے اسلام آباد پولیس سے مدد طلب کی تھی۔
جواباً اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ اور اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں پر مشتمل ایک مشترکہ ٹیم نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی کی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کر انہیں گرفتار کر لیا، بعدازاں انہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ انہیں خیبرپختونخوا منتقل کرنے کے لیے راہداری ریمانڈ کے حصول کے لیے آج ہفتہ کو ماتحت عدالت میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔