لائف اسٹائل

معروف فلمساز حسن عسکری انتقال کر گئے

78 سالہ نامور ڈائریکٹر، فلمساز حسن عسکری شیخ زید ہسپتال میں زیر علاج تھے، ان کی نماز جنازہ ان کی رہائش گاہ پر ادا کی جائے گی۔

لیجنڈری پروڈیوسر، مصنف، اور ہدایت کار اور معروف فلم ساز حسن عسکری طویل عرصے تک کینسر سے لڑنے کے بعد گزشتہ روز (30 اکتوبر کو) لاہور میں انتقال کر گئے۔

مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 78 سالہ نامور ڈائریکٹر، فلمساز حسن عسکری شیخ زید ہسپتال میں زیر علاج تھے، ان کی نماز جنازہ ان کی رہائش گاہ پر ادا کی جائے گی۔

پنجاب کے وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر نے حسن عسکری کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حسن عسکری کی فلم انڈسٹری میں لازوال خدمات ہیں، انہوں نے پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ بھی اپنے نام کیا، اس کے علاوہ انہوں نے متعدد کامیاب فلموں کی ہدایت کاری بھی کی۔

اس کے علاوہ اطلاعات و ثقافت کے سیکریٹری دانیال گیلانی نے بھی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لیجنڈری فلم پروڈیوسر، مصنف، اور ہدایت کار محمد حسن عسکری کے انتقال کے بارے میں سن کر دکھ ہوا، اردو اور پنجابی سنیما میں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

حسن عسکری کا کریئر

حسن عسکری فلم انڈسٹری کا ایک بہت بڑا نام ہے، پنجابی اور اردو فلموں میں انہوں نے طویل عرصے تک کام کیا، انہوں نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر سنیما کی دنیا میں اپنے سفر کا آغاز کیا اور چن مکھنا (1968) اور ساجن پیارا (1968) جیسی فلموں کی ہدایت کاری کی۔

حسن عسکری کو 1975 کی فلم ’وحشی جٹ‘ میں لیجنڈری سلطان راہی کو مولا جٹ کے کردار کے لیے کاسٹ کرنے کے حوالے سے بھی پہچانا جاتا ہے۔

ان کی دیگر قابل ذکر فلموں میں طوفان، سلاخیں، دوریاں، شیر دل، پتر جاگے دا، دل کسی کا دوست نہیں، قانون، کنارا، میلہ، تلاش، مفرور، شیردل، تیرا پیار میں وغیرہ شامل ہیں۔

پاکستانی سینما میں حب الوطنی کی 70 سالہ تاریخ

پاکستانی فلم کانز میلے میں

جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہمارا سینما