لائف اسٹائل

طویل انتظار کے بعد ’ڈھائی چال‘ کا ٹریلر ریلیز

’ڈھائی چال‘ کو تین سال قبل 2019 میں بنانے کا اعلان کیا گیا تھا اور امکان تھا کہ اسے 2020 کی پہلی سہ ماہی میں ریلیز کردیا جائے گا، تاہم ایسا نہ ہوسکا تھا۔

طویل انتظار کے بعد بھارت کی پاکستان میں مداخلت اور یہاں دہشت گردی پھیلانے کے مذموم مقاصد کی کہانی پر بنائی گئی ایکشن فلم ’ڈھائی چال‘ کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا۔

’ڈھائی چال‘ کو تین سال قبل 2019 میں بنانے کا اعلان کیا گیا تھا اور امکان تھا کہ اسے 2020 کی پہلی سہ ماہی میں ریلیز کردیا جائے گا، تاہم ایسا نہ ہوسکا تھا۔

مسلسل تاخیر کے بعد مارچ 2022 میں فلم کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے جون 2022 میں ریلیز کرنے کا عندیہ بھی دیا گیا تھا۔

لیکن ایک بار پھر نامعلوم وجوہات کی بنا پر فلم ریلیز نہ ہوسکی تھی اور طویل عرصے بعد ستمبر 2023 میں فلم کا نیا موشن پوسٹر ریلیز کیا گیا تھا اور اب اس کا ٹریلر بھی جاری کردیا گیا۔

فلم کو ٹریلر کو ریلیز کرتے ہوئے اسے ہم ٹی وی فلمز کے بینر تلے 8 دسمبر کو نمائش کے لیے پیش کرنے کی تصدیق کی گئی۔

فلم کے جاری کیے گئے مختصر ٹریلر سے اس کی کہانی سمجھنا مشکل ہے، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ اس میں شمعون عباسی پاکستانی جاسوس کے روپ میں دکھائی دیں گے۔

ٹریلر سے معلوم ہوتا ہے کہ اگرچہ عائشہ عمر بظاہر صحافی کے روپ میں دکھائی دیں گی، تاہم درحقیقت وہ فلم میں شمعون عباسی کی ڈھائی چال چلتی دکھائی دیں گی۔

فلم میں عدنان شاہ ٹیپو اور سلیم معراج منفی کرداروں میں دکھائی دیں گے اور اس میں بلوچستان سے گرفتار کیے گئے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی کہانی کو بھی دکھایا جائے گا۔

ٹریلر سے معلوم ہوتا ہے کہ فلم میں دکھایا جائے گا کہ کس طرح بھارت اپنے مذموم مقاصد پورے کرنے کے لیے اپنے ہی شہریوں کو مار کر اس کا الزام پاکستان پر لگا دیتا ہے۔

ہدایت کار تیمور شیرازی کی فلم کی کہانی فرحین چوہدری نے لکھی ہے جب کہ اسے ڈاکٹر عرفان اشرف نے پروڈیوس کیا ہے۔

شمعون عباسی ’را‘ ایجنٹ اور عائشہ عمر صحافی بننے کو تیار

شمعون عباسی اور عائشہ عمر کی ’ڈھائی چال‘

بھارتی ایجنٹ کلبھوشن یادیو پر بنی فلم ’ڈھائی چال‘ کا پہلا گانا ریلیز