پاکستان

’اداروں کےخلاف عوام کو اکسانے کا الزام‘، پی ٹی آئی کے وکیل پر مقدمہ درج

تحریک انصاف کے اراکین طویل عرصے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پولیس اور آرمی کے خلاف مہم چلا رہے ہیں، درخواست گزار

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قانونی ٹیم کے رکن شیر افضل خان مروت پر سوشل میڈیا کے ذریعے مبینہ ریاستی اداروں کے خلاف عوام کو اکسانے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ان کے خلاف شکایت شور کوٹ کے رہائشی عبدالمجید نے درج کروائی اور صدر پولیس تھانے میں 27 اکتوبر (منگل) کو اس کی ایف آئی آر درج کی گئی، تھانے کے ایک پولیس افسر نے شیر افضل مروت کے خلاف ایف آئی آر درج ہونے کی تصدیق کی۔

ان کے خلاف مقدمات پاکستان پینل کوڈ کے سیکشن 120-بی (مجرمانہ سازش) اور 153-اے (مختلف گروہوں میں دشمنی کو فروغ دینے) کے تحت درج کیے گئے۔

اپنی شناخت بطور ’محب وطن شہری‘ کروانے والے شکایت گزار عبد المجید نے کہا کہ تحریک انصاف کے اراکین بہت زمانے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پولیس اور آرمی کے خلاف مہم چلا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید الزام لگایا کہ خیبر پختونخوا کے علاقے لکی مروت کے رہائشی شیر افضل مروت نے حال ہی میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ یوٹیوب پر ایک ویڈیو جاری کی، جس میں انہوں نے افرا تفری پھیلانے کی غرض سے عوام کو اداروں کے خلاف اکسانے کی کوشش کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ شیر افضل مروت نے لوگوں کو گھروں سے باہر نکال کر ایک تحریک چلانے کا کہا، ان کا مزید کہنا تھا کہ اس عمل نے لوگوں میں ایسے پُرتشدد واقعات کے دوبارہ بڑھنے کا خوف پیدا کردیا ہے، جیسے واقعات 9 مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں رونما ہوئے۔

خیال رہے کہ گزشتہ مہینے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر افنان اللہ نے براہ راست نشر ہونے والے ٹی وی کے ایک ٹاک شو میں تشدد کرنے کے الزام میں سابق وزیراعظم عمران خان کے وکیل شیر افضل مروت کے خلاف اسلام آباد میں فرسٹ انفارمیشن رپورٹ درج کرائی تھی۔

سینیٹر افنان اللہ خان اور وکیل شیرافضل خان مروت کے درمیان ایکسپریس نیوز کے پروگرام ’لائیو ود جاوید چوہدری‘ میں تلخ کلامی کے بعد ہاتھ پائی ہوئی تھی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں دونوں کو ایک دوسرے پر چیختے ہوئے سنا اور دیکھا جاسکتا ہے اور اسی دوران شیر افضل اچانک اٹھ کر افنان اللہ کو نشانہ بناتے ہیں۔

ڈان کو سینیٹر افنان اللہ خان کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی آر کی نقل موصول ہوئی ہے، جو کہ اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ میں تعزیرات پاکستان کی سیکشن 352 اور 506 ٹو کے تحت درج کرادی گئی ہے۔

بابر اعظم کی نجی واٹس ایپ چیٹ لیک کرنے پر وقار یونس برس پڑے

بنگلہ دیش میں پُرتشدد مظاہرے، اپوزیشن لیڈر مرزا فخر الاسلام عالمگیر گرفتار

استحکام پاکستان پارٹی کے جلسے میں لوگوں کو 800 روپے دے کر لایا گیا؟