دسترخوان

روایتی مسالوں سے بنی ’باربی کیو چکن بوٹی‘ اور مزیدار پوری پراٹھے

اگر آپ بھی جنوب مشرقی ایشیا کے روایتی ذائقوں کے مزے لینا چاہتے ہیں تو یہ ترکیب آزمائیں۔

جب ہم دیسی ناشتے کے بارے میں سوچتے ہیں تو جو پہلا خیال ذہن میں آتا ہے وہ حلوہ پوری کا ہے لیکن اسے مزید مزیدار اور لذیذ بنانے کے لیے باربی کیو چکن بوٹی کا بھی اضافہ کرکے دیکھیں، یقیناً آپ کو بے حد پسند آئے گا۔

روایتی مسالوں میں میرینیٹ ہوئی چکن بوٹی محنت طلب لیکن انتہائی لذیذ ہے، اس پکوان کو آپ مہمانوں کی تواضع کے لیے بنا سکتے ہیں، باربی کیو بوٹی کے ساتھ اگر حلوہ پوری ہو تو کیا ہی بات ہے۔

اگر آپ بھی جنوب مشرقی ایشیا کے روایتی ذائقوں کے مزے لینا چاہتے ہیں تو نیچے دی گئی تراکیب آزمائیں:

اجزا:

باربی کیو چکن بوٹی تیار کرنے کے لیے:

چکن فلیٹ 750 گرام

بیکنگ سوڈا 1 چائے کا چمچ

زیرہ آدھا چمچ

جاوتری 1 ٹکڑا

جائفل ¼ ٹکڑا

دارچینی 1-2 عدد

ثابت دھنیا آدھا چمچ

ثابت کالی مرچ 10-12 عدد

خشخاش 1 اور ½ چمچ

بادام 6-8 عدد

نمک آدھا چمچ یا حسب ذائقہ

ہلدی پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ

لال مرچ پاؤڈر 1 اور ½ چمچ یا حسب ذائقہ

زردہ کا رنگ (اورنج فوڈ کلر) آدھا چائے کا چمچ

ادرک لہسن پیسٹ 1 چمچ

دہی 4کھانے کے چمچے (پھینٹ لیں)

لیموں کا رس 1-2 چمچ

تیل 2-3 چمچ

مکھن پگھلا ہوا 2 چمچ

چاٹ مسالہ 1 چمچ

لیموں کا رس 1 چمچ

پوری پراٹھا بنانے کے لیے:

نمک 1 چائے کا چمچ یا حسب ذائقہ

دودھ پاؤڈر 2 کھانے کے چمچ

چینی 2کھانے کے چمچ

گھی پگھلا ہوا 2 چمچ

پانی 1 کپ یا حسب ضرورت

آٹا چھان کر 3 کپ

تلنے کے لیے تیل

باربی کیو چکن بوٹی بنانے کی ترکیب:

چکن کو باریک اسٹرپس میں کاٹ لیں۔

ایک پیالے میں باریک اسٹرپس میں کٹی ہوئی چکن، بیکنگ پاؤڈر ڈال کر اچھی طرح مکس کریں، ڈھانپ کر 10 منٹ کے لیے میرینیٹ کر دیں۔

اب ایک فرائی پین میں زیرہ، جاوتری، جائفل، دار چینی، دھنیا، کالی مرچ، خشخاش یا پھر بادام ڈال کر 2 سے 3 منٹ تک مکس کریں اور ٹھنڈا ہونے کے لیے الگ رکھ دیں۔

ٹھنڈا ہونے کے بعد انہیں گرائینڈر میں پیس لیں، اب اسی گرائینڈر میں نمک، ہلدی پاؤڈر، لال مرچ پاؤڈر، زردہ کا رنگ ڈال کر اچھی طرح دوبارہ پیس لیں اور ایک طرف رکھ دیں۔

اب میرینیٹ ہوئی چکن میں ادرک لہسن کا پیسٹ، دہی، پسا ہوا مسالحہ، لیموں کا رس ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔

اب کچھ سیخیں لیں اور چکن کو ایک کے بعد ایک اس میں پرولیں۔

اب ایک انگیٹھی میں کوئلے دہکائیں اور سیخوں کو اس پر رکھ کر بوٹیوں کو بھون لیں یا پھر آپ توے پر آئل ڈال کر چکن کو پکا سکتے ہیں۔

5 سے 6 منٹ کے بعد جب چکن بوٹی پک جائے تو انہیں ایک پیالے میں سیخوں سے نکالیں، مکھن، چاٹ مسالہ، لیموں کا رس ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔

پوری پراٹھا بنانے کی ترکیب:

ایک پیالے میں نمک، دودھ کا پاؤڈر، چینی، مکھن، ایک کپ پانی ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔

اب اس میں میدہ ڈالیں، اچھی طرح مکس کریں اور آٹا بننے تک گوندھیں، اور پھر ڈھک کر 10 منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔

پوریاں بنانے کے لیے پہلے اپنے ہاتھوں کو ذرا سا گھی لگا کر چکنا کرلیں پھر گوندھے ہوئے میدے کی درمیانے سائز کے پیڑے بنا لیں۔

اب ان گول پیڑوں کو بیلن کی مدد سے پھیلا کر چھوٹی چھوٹی پوریوں کی شکل دے لیں۔

بیلن سے پھیلانے کے بعد پوری کو ہاتھ پر رکھ پر روٹی کی طرح تھوڑا سا مزید پھیلا لیں اور گرم تیل میں ڈال کر اچھے سے تل لیں۔

گرم گرم مزے دار پوریاں تیار ہیں۔

اب پوری پراٹھے پر بی بی کیو چکن بوٹی، رائتہ، پیاز، لیموں کے ٹکڑے ڈال کر سرو کریں!

اس ترکیب کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

سندھ میں شوق سے کھایا جانے والا پکوان ’کھاؤسے‘

کیک، پڈنگ اور کٹے ہوئے پھلوں سے بنا ’فروٹ ٹرائفل‘

مسالے دار کریمی سوس سے بھرپور ’بٹر چکن‘ گھر پر بنائیں