دنیا

جنسی تعصب پر مبنی تبصرہ، اٹلی کی وزیراعظم نے اپنے پارٹنرسے علیحدگی اختیار کر لی

10سال پر محیط میرا اور آندریا جیامبرونو کا تعلق یہیں ختم ہوتا ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ اسے تسلیم کیا جائے، وزیر اعظم جارجیا میلونی

اٹلی کی وزیر اعظم جارجیا میلونی نے کہا ہے کہ انہوں نے جنسی تعصب پر مبنی تبصرے کرنے پر اپنے پارٹنر اور ٹیلی ویژن صحافی آندریا جیامبرونو سے علیحدگی اختیار کر لی ہے۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق میلونی نے گزشتہ ماہ نامہ نگاروں کو بتایا تھا کہ انہیں ان کے پارٹنر گیامبرونو کے ریمارکس پر ان کے بارے میں رائے قائم نہیں کرنی چاہیے اور وہ مستقبل میں ان کے رویے کے بارے میں سوالات کا جواب نہیں دیں گی۔

دونوں نے اس وقت علیحدگی اختیار کی جب 46سالہ وزیر اعظم کو یہ منصب سنبھالے ایک سال کا عرصہ ہوا ہے اور مخلوط حکومت کی سربراہ نے اپنی پالیسی کے اہم جزو روایتی خاندانی نظام کا دفاع کیا ہے۔

جارجیا میلونی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر تبصرے میں کہا کہ 10سال پر محیط میرا اور آندریا جیامبرونو کا تعلق یہیں ختم ہوتا ہے، ہماری راہیں کچھ عرصے سے الگ ہو گئی ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ اسے تسلیم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنی نجی زندگی میں مشکلات سے پریشان نہیں ہوں گی، وہ تمام لوگ جو یہ سمجھتے ہیں کہ میرے گھر پر دھاوا بول کر وہ مجھے کمزور کر سکیں گے، انہیں کوئی کامیابی نہیں ملے گی۔

2014 میں ایک اسٹوڈیو میں ملنے والے اس جوڑے کی ایک سات سالہ بیٹی ہے۔

42 سالہ جیامبرونو میڈیاسیٹ کی جانب سے نشر کیے جانے والے نیوز پروگرام کے میزبان ہیں، میڈیا سیٹ دراصل ایم ایف ای میڈیا گروپ کا حصہ ہے جو مرحوم سابق وزیر اعظم اور میلونی کے اتحادی سلویو برلسکونی کے وارثوں کی ملکیت ہے۔

رواں ہفتے، میڈیا سیٹ کے ایک طنزیہ کرنٹ افیئرز ٹیلی ویژن پروگرام میں جیامبرونو کے پروگرام کی آف ایئر ویڈیو کے کچھ حصے نشر کیے گئے تھے جس میں انہیں گندی زبان استعمال کرتے اور ایک ساتھی خاتون کا پیچھا کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا۔

وہ اس خاتون سے سوال کرتے ہیں ’میں تم سے پہلے کیوں نہ ملا؟۔

ٹی وی صحافی کو اگست میں گینگ ریپ کیس کے حوالے سے ان کے تبصروں کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا جہاں انہوں نے التا متاثرین کو قصور وار قرار دیا تھا۔

جیامبرونو اس حوالے سے تبصرے کے لیے فوری دستیاب نہ تھے جبکہ میڈیاسیٹ نے جمعہ کو کہا کہ انہوں نے صحافی کو پروگرام سے معطل کر دیا ہے جبکہ کمپنی اس معاملے کو بہت باریکی سے دیکھ رہی ہے۔

’کچھ فیصلے بروقت کرنے پڑتے ہیں لیکن شاید بابراعظم اس اصول کے قائل نہیں‘

والدہ سمجھ بیٹھیں میں پاکستانی علی ظفر سے شادی کر رہی ہوں، ریچا چڈا

فلسطینی شہریوں کے اکاؤنٹ کے بائیو میں ’دہشت گرد‘ لکھنے پر انسٹاگرام نے معافی مانگ لی