دنیا

سان فرانسیسکو: چینی قونصل خانے سے گاڑی ٹکرانے والا ڈرائیور پولیس کی فائرنگ سے ہلاک

مشتبہ شخص نے قونصل خانے میں موجود عملے اور لوگوں کو قتل کرنے کے ارادے سے گاڑی اندر داخل کی، ترجمان چینی وزارت خارجہ

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان فرانسیسکو میں چینی قونصل خانے کی عمارت سے گاڑی ٹکرانے والے ڈرائیور کو پولیس نے فائرنگ کرکے قتل کردیا جبکہ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس سے عملے کو قتل کرنے کی کوشش قرار دے دی۔

غیر ملکی خبر ایجنسی ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق پولیس حکام نے سان فرانسیسکو میں چینی قونصل خانے میں داخل ہونے والی گاڑی کے ڈرائیور کو گولی مار کر قتل کردیا جہاں گاڑی ویزا مرکز تک جا پہنچی تھی۔

رپورٹ کے مطابق واقعے کی تفصیلات واضح نہیں ہیں تاہم پولیس نے کہا کہ ڈرائیور کی شناخت اور گاڑی کو پیش آنے والے حادثے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں اور واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع بھی نہیں ہے۔

سان فرانسیسکو کے محکمہ پولیس کے ترجمان نے کہا کہ مجھے پتا نہیں کہ جب گاڑی کو حادثہ پیش آیا تو اس وقت ویزا آفس میں کتنے لوگ موجود تھے۔

ترجمان نے کہا کہ جب افسران جائے وقوع پر پہنچا تو انہوں نے چینی قونصل خانے کی لابی میں ایک گاڑی دیکھی جس کے بعد افسران وہاں داخل ہوئے اور مشتبہ شخص سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن وہاں ایک افسر نے فائرنگ کر دی۔

انہوں نے کہا کہ بعدازاں مشتبہ شخص کو ہسپتال میں مردہ قرار دیا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ پولیس امریکی محکمہ خارجہ کے تفتیش کاروں سے تعاون کر رہی ہے، لہٰذا ابھی تک یہی معلومات ہیں۔

چینی سفارت خانے نے اپنے بیان میں کہا کہ ایک مشتبہ شخص جارحانہ انداز میں قونصل خانے کے ویزا آفس تک گاڑی لایا اور وہاں موجود عملے اور دیگر لوگوں کی جان کو خطرے میں ڈال دیا اور قونصل خانے کے املاک کو شدید نقصان پہنچایا۔

قونصل خانے کہا کہ وہ اس پرتشدد حملے کی شدید مذمت کرتا ہے اور واقعے کی ذمہ داری کی تفتیش کرنے کا حق رکھتا ہے۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ مشتبہ شخص نے قونصل خانے میں موجود عملے اور لوگوں کو قتل کرنے کے ارادے سے گاڑی اندر داخل کی۔

ترجمان نے کہا کہ چین، امریکا سے مطالبہ کرتا ہے کہ اس واقعے کی فوری تفتیش کی جائے اور چینی سفارت خانوں اور عملے کی سیکیورٹی یقینی بنائی جائے۔

چینی قونصل خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 10 اکتوبر تک وہ اپنا قونصلر سرٹیفکیٹ ہال عارضی طور پر بند کرے گا اور سروسز دوبارہ بحال ہونے کے بعد عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔

امریکی محکمہ خارجہ نے تاحال اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

ذہنی مسائل کا شکار رہی ہوں، پاگل خانے بھجوانے کی باتوں میں سچائی نہیں، میرا

ورلڈ کپ 2023: سری لنکا کے خلاف رضوان، عبداللہ کی سنچریاں، ریکارڈ 345 رنز کا ہدف عبور

’اس وقت اسرائیلی قوم پرستی انتقام لینے کے درپے ہے‘