پاکستان

کوئٹہ: گاڑی کے قریب دھماکا، پی ایم ڈی سی عہدیدار جاں بحق، ڈرائیور زخمی

بم کو سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا جہاں محکمہ انسداد دہشت گردی نے جائے وقوع کو بند کرکے ثبوت اکٹھا کرنا شروع کردیے ہیں، ایس ایس پی

کوئٹہ میں پاکستان منرل ڈیولپمنٹ کارپوریشن (پی ایم ڈی سی) کے پروجیکٹ منیجر کی گاڑی کو سڑک کنارے نصب بم سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں منیجر جاں بحق اور ڈرائیور شدید زخمی ہو گیا۔

ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کوئٹہ کے ایس ایس پی (آپریشنز) جواد طارق نے واقعے کی تصدیق کی اور جاں بحق ملازم کی شناخت شابات رضوی کے نام سے کی۔

ایس ایس پی نے کہا کہ پی ایم ڈی سی کے عہدیدار اپنے ڈرائیور محمد ذاکر کے ساتھ جا رہے تھے کہ دھماکا ہوگیا جس کے نتیجے میں شابات رضوی موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کے ڈرائیور شدید زخمی ہوگئے۔

ایس ایس پی نے کہا کہ زخمی ڈرائیور کو فوری طور پر کوئٹہ سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا۔

پولیس افسر نے کہا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق بم کو روڈ کے قریب نصب کیا گیا تھا جہاں محکمہ انسداد دہشت گردی نے جائے وقوع کو بند کرکے ثبوت اکٹھا کرنا شروع کردیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سور رینج پہاڑی علاقے میں واقع ہے اور سی ٹی ڈی کے حکام مزید معلومات کے لیے مقامی افراد سے تفتیش کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات اور شدت پسندوں کے حملوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔

گزشتہ ماہ مستونگ میں 12 ربیع الاول کے موقع پر نکالی جانے والی ریلی میں خودکش بم دھماکے کے نتیجے میں 59 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

واقعے کے بعد حکومت بلوچستان نے دہشت گردوں کے خلاف ’جنگ‘ کا اعلان کیا تھا۔

کراچی: یونیورسٹی طالبات کو ہراساں کرنے والا شخص گرفتار

ورلڈ کپ 2023: کوہلی اور راہل کی عمدہ بیٹنگ، آسٹریلیا کو بھارت کے ہاتھوں شکست

بائیڈن کے ایران سے معاہدے کے سبب اسرائیل پر حملہ ہوا، ٹرمپ