گوگل کے اب تک کے بہترین پکسل فونز متعارف
انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے اب تک کے اپنے بہترین پکسل فونز متعارف کرادیے، جن میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) یعنی مصنوعی ذہانت سے لیس متعدد فیچرز دیے گئے ہیں۔
کمپنی نے پکسل 8 اور پکسل 8 پرو فونز کے ساتھ پکسل واچ بھی متعارف کرادی۔
کمپنی نے دونوں فونز کو مصنوعی ذہانت کے فیچرز سے اس قدر اپڈیٹ کیا ہے کہ اگر کوئی بھی صارف کسی بھی موضوع پر موبائلز پر گوگل پر مواد تلاش کرے گا تو سرچ انجن اسے طویل ترین معلومات انتہائی سادہ اور مختصر جملوں میں فراہم کرے گی۔
علاوہ ازیں فونز میں گوگل اسپیک کے فیچر کو بہتر کردیا گیا ہے، جس کے تحت کوئی بھی صارف تلاش کیے جانے والے مواد یا ای میل کو آواز میں سن سکے گا۔
اسی طرح گوگل وائس کے ذریعے تلاش کے فیچر کو بھی اے آئی سے لیس کردیا گیا ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ اب کوئی بھی شخص آواز کے ذریعے با آسانی چیزیں تلاش کر سکتا ہے۔
گوگل پکسلز کے دونوں فونز کے کیمروں میں بھی آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے فیچرز دیے گئے ہیں کہ گوگل فوٹوز کی گیلری کو بھی نئے ایڈٹ ٹولز سے لیس کردیا گیا ہے۔
دونوں فونز کو اینڈرائیڈ 14 کے اپگریڈ سافٹ ویئر کے ساتھ پیش کیا گیا اور کمپنی نے وعدہ کیا ہے کہ صارفین کو 7 سال تک مفت اپڈیٹس ملتی رہیں گی۔
اس بار پکسل فونز کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس میں ایک ٹیمپریچر میٹر بھی دیا گیا ہے، جس کی مدد سے چیزوں کی گرمائش کو جانچا سکے گا لیکن اس سے بخار یا انسانی جسم کے درجہ حرارت کو جانچنا ممکن نہیں۔
کمپنی کے مطابق انہوں نے امریکی محکمہ صحت سے اجازت طلب کی ہے کہ مذکورہ ٹیمپریچر میٹر سے انسانی جسم کے درجہ حرارت کو جانچنے کی اجازت دی جائے، اگر اجازت مل گئی تو اسے کمپنی کی اپڈیٹس میں بہتر کردیا جائے گا۔
پکسل 8
کمپنی نے اپنے اس فون 2۔6 انچ اسکرین اور 8 جی بی ریم کے ساتھ پیش کیا ہے، اس میں 128 اور 256 جی بی میموری کے ماڈیولز متعارف کرائے گئے ہیں۔
اس فون کے بیک پر دو کیمرے دیے گئے ہیں، جس میں سے مین کیمرا 50 میگا پکسل جب کہ دوسرا کیمرا 12 میگا پکسل ہے۔
اسی طرح فون کے فرنٹ پر 11 میگا پکسل تک کا سیلفی کیمرا دیا گیا ہے اور کمپنی کا دعویٰ ہے کہ فونز کے کیمروں کو مصنوعی ذہانت سے زیادہ بہتر بنایا گیا ہے۔
پکسل 8 کو 4 ہزار 475 ایم اے ایچ کی بیٹری کے فاسٹ چارجر اور وائرلیس چارجر کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے۔
اس فون کی قیمت 700 امریکی ڈالر یعنی پاکستانی تقریبا 2 لاکھ روپے تک رکھی گئی ہے۔
پکسل 8 پرو
کمپنی نے اپنے اس بہترین فون کو 7۔6 انچ اسکرین اور 12 جی بی ریم جب کہ 128، 256 اور 512 جی بی ریم کے ساتھ پیش کیا ہے۔
اس کے بیک پر تین کیمرے دیے گئے ہیں، جس میں سے مین کیمرا 50 جب کہ باقی دونوں کیمرے ترتیب وار 48 میگا پکسل کے ہیں۔
فون کے فرنٹ پر 11 میگا پکسل کیمرا دیا گیا ہے جو کہ اے آئی ٹولز سے لیس ہے۔
پکسل 8 پرو میں 5 ہزار ایم اے ایچ کی طاقتور بیٹری کو فاسٹ چارجر اور وائرلیس چارجر کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے۔
اس فون کی قیمت ایک ہزار امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 2 لاکھ 70 ہزار روپے سے زائد رکھی گئی ہے۔