لیفٹننٹ جنرل محمد منیر افسر چیئرمین نادرا مقرر
وفاقی حکومت نے جنرل ہیڈکوارٹز (جی ایچ کیو) میں تعینات آئی جی کمیونیکیشن اینڈ آئی ٹی لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کو نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کا چیئرمین مقرر کردیا۔
وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیرصدارت نگران کابینہ کے اجلاس کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اعلامیے میں کہا کہ وفاقی کابینہ نے چیئرمین نادرا کے لیے وزارت داخلہ کی سمری پر تین مجوزہ ناموں میں سے لفٹیننٹ جنرل منیر افسر کی تقرری کی منظوری دے دی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ کابینہ کو بتایا گیا کہ سلیکشن کمیٹی نے نادرا کے چیئر مین کے لیے تین بہترین امید واروں کے نام شارٹ لسٹ کیے تھے اور کابینہ نے تفصیلی غور خوص کے بعد نادرا کے نئے چئیر مین کے لیے لیفٹننٹ جنرل محمد منیر افسر کی تقرری کی منظوری دے دی ہے۔
وفاقی وزارت داخلہ نے بھی چیئرمین نادرا کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر اکتوبر 2022 میں لیفٹننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی پانے والے 12 میجرجنرلز میں شامل تھے۔
وہ نادرا کے موجودہ چیئرمین اسد رحمٰن گیلانی سے چارج لیں گے، جو رواں برس جون میں طارق ملک کے استعفے کے بعد چیئرمین نادرا تعینات ہوئے تھے۔
طارق ملک نے 14 جون کو تین سالہ مدت پوری ہونے سے ایک سال قبل عہدے سے اچانک استعفیٰ دے دیا تھا اور اس سے قبل انہوں نے اس وقت کے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی تھی۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں، نوجوان پاکستان کا سرمایہ ہیں اور پارلیمان سے پاکستان کی ترقی و خوشحالی وابستہ ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ان کی تمام تر کاوشوں اور کوششوں کا مرکز و محور ہمیشہ سے یہی رہا ہے کہ ٹیکنالوجی کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لاتے ہوئے ان تینوں کی ترقی اور بہتری کی راہ ہموار کی جائے کیونکہ یہی راستہ پاکستان کے روشن مستقبل کی طرف جاتا ہے۔
طارق ملک نے کہا تھا کہ وہ خود کو اس لحاظ سے خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ انہیں کبھی ملازمت کی تلاش نہیں رہی بلکہ اپنے جذبہ تعمیر کے تحت بچوں، نوجوانوں اور پارلیمان کو مضبوط بنانے کے مشن کو آگے بڑھانے کے مواقع ہمیشہ ملتے رہے ہیں۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ میں چیئرمین نادرا کی تعیناتی کے حوالے سے رولز میں ترمیم سپریم کورٹ میں چیلنج کردی گئی ہے۔
شہری اویس الرحمٰن کی جانب سے اپنے وکیل محمد احمد پنسوٹا کے توسط سے سپریم کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اپنایا کہ 7 اگست 2023 کو نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (چیئرمین اینڈ ممبرز اپائنٹمنٹ اینڈ امولمنٹ) رولز 2020 میں ترمیم اختیارات سے متجاوز ہے اور یہ ترمیم امتیازی اور آئین کے آرٹیکل 25 اور 27 کی خلاف ورزی ہے۔
نئے چیئرمین نادرا کا تعارف
اے پی پی کے مطابق نئے چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر ہلال امتیاز (ملٹری) پاکستان آرمی اور اقوام متحدہ کے مشن میں آئی ٹی سے متعلق تیکنیکی ترقی اور انتظام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔
لیفٹننٹ جنرل محمد منیر افسر نے جیو گرافک انفارمیشن سسٹمز (جی آئی ایس) اور ریموٹ سینسنگ میں ایم ایس کر رکھا ہے، فوٹو میٹری کے ذریعے تیز رفتار جغرافیائی ڈیٹا تخلیق سے متعلق مقالے پر انہیں صدارتی ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے اور پبلک پالیسی اینڈ نیشنل سیکیورٹی مینجمنٹ میں ایم فل ہیں۔
مزید بتایا گای کہ انہوں نے 2010 کے سیلاب کے دوران جی آئی ایس کے شعبے میں پبلک پالیسی رسپانس پر تحقیقی مقالہ مرتب کیا، این ڈی یو واشنگٹن ڈی سی سے نیشنل ریسورس اسٹریٹجی (سی اینڈ آئی ٹی انڈسٹری اینڈ سپلائی چین مینجمنٹ) میں ایم ایس کیا جہاں انہیں ایک ممتاز گریجویٹ قرار دیا گیا۔
نئے چیئرمین نادرا کے بارے میں بتایا گای کہ وہ اس وقت اسلام آباد کی معروف یونیورسٹی نسٹ میں ریموٹ سینسنگ میں پی ایچ ڈی کے امیدوار ہیں جہاں ان کا تحقیقی مقالہ ریموٹ سینسنگ اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے پلانٹ ڈیزیزز کی کھوج سے متعلق ہے۔
انہوں نے آئی ٹی اور جی آئی ایس کے مختلف پہلوؤں سے متعلق متعدد تحقیقی مقالے شائع کیے اور ملٹری جیو گرافک انفارمیشن سسٹمز (جی آئی ایس) آفیسر کے طور پر اقوام متحدہ میں خدمات انجام دیں۔
سرکاری خبرایجنسی نے بتایا کہ 2010 میں سیلاب سے بحالی کے لیے جی آئی ایس ایپلی کیشن کی تیاری میں انہوں نے وسیع خدمات دیں۔
پاک فوج میں لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر نے میجر جنرل کی حیثیت سے ڈی جی کمانڈ، کنٹرول، کمیونیکیشن، کمپیوٹرز اینڈ انٹیلی جنس(سی 41) ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر جنرل بھی رہے جو آئی ٹی کے مکمل انتظام کی ذمہ دار ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی کے بعد انسپکٹر جنرل کمیونیکیشن اینڈ آئی ٹی کے ساتھ ساتھ کمانڈر پاکستان آرمی سائبر کمانڈ بھی رہ چکے ہیں۔