پاکستان

ملتان ایئرپورٹ سے سعودی عرب جانے والے 8 بھکاریوں کو آف لوڈ کردیا گیا

امیگریشن کے دوران معلوم ہوا کہ یہ گروپ بھیک مانگنے کے مقصد سے سعودی عرب جارہا تھا، ایف آئی اے نے مقدمہ درج کر لیا۔

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے ہفتے کو رات گئے ملتان ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے سعودی عرب جانے والی پرواز میں عمرہ زائرین کے بھیس میں سوار 8 مبینہ بھکاریوں کو جہاز سے اتار دیا۔

ایف آئی اے کے امیگریشن افسر طارق محمود کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق امیگریشن کے دوران معلوم ہوا کہ یہ گروپ بھیک مانگنے کے مقصد سے سعودی عرب جا رہا ہے۔

ایجنسی نے کہا کہ گروپ نے ایک لاکھ 85 ہزار روپے کی رقم جاوید نامی شخص کے حوالے کی جس نے ان کے ویزوں کے حوالے سے کارروائی کی۔

ایف آئی اے کے بیان میں کہا گیا کہ ان افراد نے کہا کہ وہ وہاں بھیک مانگیں گے اور بھیک کی آدھی رقم نائب ایجنٹ کے حوالے کر دی جائے گی، گروپ کے بیانات لے کر ان کے پاسپورٹ قبضے میں لے لیے گئے ہیں اور مذکورہ مسافروں کو قانونی کارروائی کے لیے ملتان میں ایف آئی اے کے انسداد انسانی اسمگلنگ و اسمگلنگ ونگ کو بھیج دیا گیا ہے۔

ایف آئی اے نے مزید کہا کہ ملزمان کے خلاف ٹریفکنگ ان پرسنز ایکٹ 2018 کے تحت مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے بیرون ملک سفر کرنے والے مبینہ بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے، دو روز قبل ایف آئی اے نے عمرہ زائرین کے بھیس میں سعود عرب جانے کی کوشش کرنے والے 16 مبینہ بھکاریوں کو اسی ایئرپورٹ پر پرواز سے اتار لیا تھا۔

اس گروپ میں 16 افراد شامل تھے جن میں ایک بچہ، 11 خواتین اور چار مرد شامل تھے، انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ انہیں بھیک مانگنے سے حاصل ہونے والی کمائی کا آدھا حصہ اپنے سفری انتظامات میں شامل ایجنٹوں کو دینا ہوگا۔

یہ گرفتاریاں اس وقت عمل میں آئیں جب سمندر پار پاکستانیوں کی وزارت کی جانب سے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانیوں کے سامنے یہ انکشاف کیا گیا تھا کہ بھکاریوں کو بڑی تعداد میں غیرقانونی ذرائع سے بیرون ملک اسمگل کیا جاتا ہے۔

وزارت کے سیکریٹری نے سینیٹ پینل کے سامنے انکشاف کیا تھا کہ بیرون ملک پکڑے گئے بھکاریوں میں سے 90 فیصد کا تعلق پاکستان سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ عراقی اور سعودی سفیروں نے اطلاع دی ہے کہ ان گرفتاریوں کی وجہ سے جیلوں میں بہت زیادہ بھیڑ جمع ہو گئی ہے۔

طالبان حکومت آنے سے پہلے کے سفارتکار بھارت میں سفارت خانہ چھوڑ دیں گے، افغان سفیر

صنم سعید کو شادی کیلئے کب پروپوز کیا؟ محب مرزا نے بتا دیا

آئندہ 2 سال میں مصنوعی ذہانت کی مدد سے دماغ کی سرجری کرنا ممکن