پاکستان

ملتان: سعودی عرب جانے کیلئے پرواز پر سوار 16 بھکاریوں کو آف لوڈ کردیا گیا

عمرہ زائرین کے بھیس میں ملبوس مسافروں نے پوچھ گچھ کے دوران اعتراف کیا کہ وہ خیرات مانگنے سعودی عرب جا رہے تھے۔

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے 2 روز قبل ملتان ایئرپورٹ پر عمرہ زائرین کے بھیس میں سعودی عرب جانے والی پرواز پر سوار 16 مبینہ بھکاریوں کو اتار دیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے نے بتایا کہ ابتدائی طور پر ایک بچہ، 11 خواتین اور 4 مردوں سمیت 16 افراد پر مشتمل گروہ عمرہ ویزوں پر سفر کر رہا تھا۔

ایف آئی اے حکام نے امیگریشن کے عمل کے دوران مسافروں سے پوچھ گچھ کی جنہوں نے اعتراف کیا کہ وہ خیرات مانگنے سعودی عرب جا رہے تھے۔

انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ انہیں بھیک سے حاصل ہونے والی اپنی کمائی کا نصف سفری انتظامات میں مدد دینے والے ایجنٹوں کو دینا ہوگا، انہیں عمرہ ویزوں کی میعاد ختم ہونے کے بعد پاکستان واپس آنا تھا۔

ایف آئی اے ملتان سرکل نے مسافروں کو مزید پوچھ گچھ اور قانونی کارروائی کے لیے گرفتار کر لیا۔

یہ گرفتاریاں سیکریٹری سمندر پار پاکستانی کی جانب سے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں اس انکشاف کے ایک روز بعد ہوئی ہیں کہ پاکستان سے بھکاریوں کی ایک بڑی تعداد غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک جارہی ہے۔

سیکریٹری سمندر پار پاکستانی نے سینیٹ پینل کے سامنے انکشاف کیا تھا کہ بیرون ممالک سے پکڑے گئے بھکاریوں میں سے 90 فیصد کا تعلق پاکستان سے ہوتا ہے، عراقی اور سعودی سفیروں نے ان گرفتاریوں کی وجہ سے اپنی جیلیں بھر جانے کی شکایت کی ہے۔

خیبر پختونخوا: ہنگو دھماکے میں ملوث حملہ آور کے فنگر پرنٹس نادرا کے ڈیٹابیس میں غیرموجود

آئندہ 2 سال میں مصنوعی ذہانت کی مدد سے دماغ کی سرجری کرنا ممکن

خطے کے ممالک کا افغانستان سے ’دہشت گردی کا مرکز‘ نہ بننے کا مطالبہ