حدیقہ کیانی نے سیلاب کے بعد بلوچستان میں 200 گھروں کی تعمیر نو کا ہدف پورا كرلیا
معروف گلوکارہ اور اداکارہ حدیقہ کیانی نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے لوگوں اور مختلف اداروں کے تعاون سے صوبہ بلوچستان میں سیلاب سے تباہ ہوجانے والے ایک گاؤں میں 200 نئے گھر تعمیر کروانے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔
حدیقہ کیانی نے ستمبر 2022 میں بلوچستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد وہاں کے متاثرہ عوام کے لیے وسیلہ راہ نامی مہم کا آغاز کیا تھا، جس کے تحت انہوں نے عوام اور مختلف اداروں سے فنڈز جمع کیے تھے۔
حدیقہ کیانی نے ابتدائی طور پر وسیلہ راہ مہم کے تحت بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرہ افراد کو ضروری اشیا کی فراہمی کی تھی، جس کے بعد انہوں نے متاثرین کی گھروں کی تعمیر کا آغاز کیا تھا۔
اب سیلاب کے بعد حدیقہ کیانی بلوچستان کے ضلع نصیرآباد کی تحصیل ٹمبو کے ایک گاؤں میں 370 گھر اور صحت كی سہولیات تعمیر کروانے میں کامیاب ہوگئیں۔
اداکارہ نے انکشاف کیا کہ انہوں نے 200 گھر بنانے کے اپنے ابتدائی ہدف کو عبور كرلیا ہے، ان كا كہنا تھا كہ انہوں نے بلوچستان کے پسماندہ علاقے نصیر آباد میں اپنے ادارے كے تحت 370 مکانات اور دیگر صحت كی سہولیات تعمیر کی ہیں۔
حدیقہ كیانی نے اپنے آفیشل انسٹاگرام پر اعلان كیا كہ ’اللہ كے فضل اور آپ سب كی مدد سے ہم نے اپنا مقصد حاصل كرلیا ہے، میں نے گزشتہ سال بلوچستان كی عوام، اپنی ماں اور اپنے ملك سے جو وعدہ كیا تھا وہ اب پورا ہوگیا ہے۔
انہوں نے مزید لكھا كہ ’ہمارا ابتدائی ہدف 200 گھر تعمیر كرنے کا تھا، لیکن آپ سب كی دعاؤں، عزم، محنت کے ذریعے اب ہم نے بلوچستان كے علاقے نصیر آباد كے گاؤں تمبو اور کنڈی میں 370 گھر، 2 مساجد، 2 زچگی مراکز، ایك اسکول، اور ایك گروسری اسٹور تعمیر كرلیا ہے اس منصوبے میں گزشتہ سال کے دوران جمع کیے گئے تمام فنڈز استعمال کیے گئے ہیں۔‘
حدیقہ كیانی ان چند پاکستانی مشہور شخصیات میں سے ایک تھیں جنہوں نے 2022 میں سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا تھا اور عوام پر زور دیا تھا کہ وہ بے گھر ہونے والے متاثرین کی مدد کریں۔
گلوكارہ خواتین اور بچوں کے حقوق کے لیے ایک طویل عرصے سے سرگرم رہی ہیں اور انہوں نے اپنی والدہ اور بلوچستان کے عوام سے اپنے مشن کو مکمل کرنے كے لیے كیے گئے وعدے كے تحت غیر منافع بخش ادارہ وصال راہ شروع کیا تھا۔
حدیقہ كیانی نے ایك اور انسٹاگرام اسٹوری پر عوام كے تعاون كا شكریہ ادا كرتے ہوئے لكھا كہ ’میں ان لوگوں كی بہت شكر گزار ہوں جنہوں نے اس مقصد كا حاصل كرنے كے لیے میرا ساتھ دیا، ادویات، طبی سامان، پانی، خوراك، كپڑے اور راشن كے ساتھ ساتھ بچوں كے لیے كچھ تحائف سیلاب متاثرین كو عطیہ كیے گئے ہیں۔
گلوکارہ نے یہ بھی بتایا کہ انہیں صاف پانی کے پلانٹس اور سولر پینلز لگانے کے لیے درخواستیں موصول ہوئی ہیں تاکہ خطے کی پائیداری اور وسائل کے کم سے کم ضیاع کو یقینی بنایا جا سکے۔
اداكارہ نے فالو اپ ویڈیو بنانے كی بھی یقین دہانی كروائی، تاہم حدیقہ یانی نے واضح کیا کہ اب یہ مہم ختم ہو چکی ہے اور وہ ابھی مزید عطیات جمع نہیں کر ررہیں۔
حدیقہ كیانی نے انسٹاگرام پر پنے بلوچستان كے دورے كی ویڈیو شئیر كی ، ویڈیو كی كیپشن میں انہوں نے لكھا كہ ’ایسا استقبال میں کبھی نہیں بھولوں گی جہاں مجھے ان لوگوں كی بے پناہ محبت اور احترام ملا، میں ان خوبصورت یادوں كو كبھی نہیں بھولوں گی۔‘
واضح رہے كہ گزشتہ سال سیلاب كے دوران حدیقہ كیانی نے اپنی مذکورہ مہم کے دوران ابتدائی طور پر صوبہ بلوچستان کے سیلاب متاثرہ افراد کی امداد کی اور انہیں خوراک کے علاوہ ضروری اشیا فراہم کرنے سمیت انہیں ٹینٹ بھی فراہم کیے تھے۔
حدیقہ کیانی نے بتایا تھا کہ انہوں نے بلوچستان کے ’ربی، چھتر اور اب ٹمبو‘ نامی گائوں کو دوبارہ تعمیر کروانے کی ذمہ داری اٹھائی ہے۔