پاکستان

آر ایس ایف، صحافتی تنظمیوں کا سیاسی جماعتوں سے انتخابات سے قبل آزادی صحافت کو یقینی بنانے کا مطالبہ

میڈیا پریکٹیشنرز اور معاونین کے خلاف جرائم میں 96 فیصد استثنیٰ تشویشناک ہے جو کہ صحافیوں کو صحافتی امور میں خطرات سے دوچار کرتا ہے، آر ایس ایف

صحافیوں کے عالمی ادارے رپورٹرز ود آؤٹ بارڈز (آر ایس ایف) نے پاکستان کے پریس کلبز، صحافیوں کی تنظیموں اور فریڈم نیٹ ورک کے ہمراہ ملک کی تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ آنے والے عام انتخابات کے منشور میں آزادی اظہار اور صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔

آر ایس ایف کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ عام انتخابات سے قبل پاکستان میں صحافیوں کی ابتر صورتحال کے پیش نظر ملک کے میڈیا کے سربراہان نے بین الاقوامی ادارے کے ساتھ پاکستانی سیاسی جماعتوں سے ’اہم اپیل‘ کی ہے کہ فریقین میڈیا کی آزادی کے حق میں ٹھوس اقدامات کا عزم ظاہر کریں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں صحافیوں اور میڈیا کے خلاف جرائم کے لیے استثنیٰ بہت زیادہ ہے جو کہ صحافیوں کی حفاظت اور استثنیٰ کے معاملے پر اقوام متحدہ کے پلان آف ایکشن کے پائلٹ پروجیکٹ میں شامل پانچ ممالک میں شامل ہے۔

فریڈم نیٹ ورک کی سالانہ استثنیٰ 2022 کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 10 برسوں میں صحافیوں کے قتل کے 96 فیصد واقعات میں کسی کو کوئی سزا نہیں ملی۔

آر ایس ایف نے کہا کہ میڈیا پریکٹیشنرز اور معاونین کے خلاف جرائم میں 96 فیصد استثنیٰ تشویشناک ہے جو کہ صحافیوں کو صحافتی امور میں خطرات سے دوچار کرتا ہے اور اس طرح پاکستان کے شہریوں کو ان معلومات تک رسائی کے حق سے محروم کر دیا جاتا ہے۔

آر ایس ایف کے بیان میں کہا گیا ہے کہ انتخابات کے دوران پریس فریڈم کے ساتھ ساتھ صحافتی آزادی کے دفاع کے حوالے سے گیند اب سیاسی جماعتوں کے کورٹ میں ہے جو کہ ایک فعال جمہوریت کی بنیادی ضمانت ہیں۔

آر ایس ایف نے پاکستان کے پریس کلبز، صحافتی تنظیموں کے ساتھ ساتھ اہم سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے مطالبہ کیا کہ وہ صحافیوں کے تحفظ کے لیے قانون سازی کی ضمانتوں سے آغاز کرتے ہوئے ہماری تجاویز پر عزم مصمم ظاہر کریں اور صحافیوں کے خلاف تشدد کے جرائم میں استثنیٰ کے خلاف جدوجہد کریں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سیاسی جماعتیں پاکستان میں روایتی طور پر آزادی اظہار اور آزادی صحافت کی مضبوط حامی رہی ہیں اور صحافتی ادارے آزادی اظہار کے آئینی حقوق کو برقرار رکھنے میں ثابت قدم رہیں۔

آر ایس ایف نے کہا کہ ہم ان وفاقی اور علاقائی سیاسی جماعتوں سے کہتے ہیں کہ وہ ہمارے مطالبے پر غور کریں اور واضح طور پر بیان کریں کہ وہ پریس کی آزادی، قابل اعتماد معلومات کے حق اور صحافیوں کے دفاع کی حمایت کریں گے، پاکستان کے قانونی فریم ورک کے ذریعے میڈیا کے خلاف جرائم سے استثنیٰ کو ختم کریں گے اور صحافیوں کے خلاف جرائم کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔

مشترکہ بیان پر جن پریس کلبز، صحافتی یونینز، اتحادوں اور تنظیموں نے دستخط کیے ہیں ان میں رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز، کراچی پریس کلب، لاہور پریس کلب، کوئٹہ پریس کلب، نیشنل پریس کلب اسلام آباد، پشاور پریس کلب، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس، کراچی یونین آف جرنلسٹس، پنجاب یونین آف جرنلسٹس، بلوچستان یونین آف جرنلسٹس، خیبر یونین آف جرنلسٹس، راولپنڈی-اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس، آباد، ڈیجیٹل میڈیا الائنس آف پاکستان (ڈیجی میپ)، اسلام آباد، پاکستان جرنلسٹس سیفٹی کولیشن، ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز (ترمیم) کراچی، فریڈم نیٹ ورک اسلام آباد اور معروف صحافی حامد میر شامل ہیں۔

مشترکہ بیان جن سیاسی جماعتوں کو جاری کیا گیا ہے ان میں پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، جمعیت علمائے اسلام، جماعت اسلامی، عوامی نیشنل پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان، پختونخوا ملی عوامی پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل)، قومی وطن پارٹی، پاکستان مسلم لیگ (ق)، نیشنل پارٹی، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی شامل ہیں۔

خیبر پختونخوا حکومت کا میڈیکل کالجز میں داخلے کا امتحان دوبارہ کرانے کا فیصلہ

مشترکہ خاندان میں اندھا اور بہرا بن کر رہا جائے تو زندگی سکون سے گزرتی ہے، صبا فیصل

سافٹ بال کھیل کر پسماندہ سوچ کو بدلنے والی تُلسی میگھوار