دنیا

عراق: شادی کی تقریب میں ہولناک آتشزدگی، دلہا دلہن سمیت 100 سے زائد افراد ہلاک

آگ لگنے کے سبب چھت کے کچھ حصے گر گئے، کیونکہ انتہائی آتش گیر اور کم لاگت کا تعمیراتی سامان استعمال کیا گیا تھا، سول ڈیفنس حکام

عراق کے صوبے نینویٰ میں شادی کی تقریب کے دوارن آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں دلہا دلہن سمیت 100 سے زائد افراد ہلاک اور 150 افراد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق اے ایف پی کے رپورٹر نے بتایا کہ ضلع ہمدانیہ کے مرکزی ہسپتال میں ایمبولینسیں سائرن بجاتی ہوئی آرہی ہیں اور درجنوں افراد خون کے عطیات دینے کے لیے جمع ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دیگر افراد ٹرک کے قریب موجود ہیں اور لاشوں کے سیاہ بیگ ٹرک میں لوڈ کر رہے ہیں۔

عراق کی سرکاری نیوز ایجنسی ’آئی این اے‘ کے مطابق ہلاکتوں کی ابتدائی تعداد کے حوالے سے نینویٰ صوبے کے محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ ہمدانیہ کے شادی ہال میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں 100 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ 150 سے زائد زخمی ہیں۔

وزارت صحت کے ترجمان سیف البدر کی جانب سے ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ زخمی افراد میں سے اکثریت جھلسنے اور دم گھٹنے کی شکایت کررہے ہیں، جائے وقوع پر ہجوم کی جانب سے کچلنے کے واقعات بھی ہوئے۔

مقامی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں دلہا اور دلہن بھی شامل ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ منگل کی رات مقامی وقت کے مطابق تقریباً 10:45 پر جب عمارت میں آگ لگی تو اس وقت ہال میں موجود سیکڑوں لوگ جشن منا رہے تھے۔

سول ڈیفنس حکام نے ایک بیان میں بتایا کہ ایونٹ ہال کے اندر پہلے سے موجود تیار شدہ پینلز ’انتہائی آتش گیر اور ناقص حفاظتی معیارات کے ’ تھے۔

انہوں نے بتایا کہ پینلز کے ساتھ منسلک مادے کی وجہ سے ’زہریلی گیسوں کے اخراج‘ کے سبب خطرہ مزید بڑھا، جہاں پلاسٹک بھی موجود تھا۔

انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ آگ لگنے کے سبب چھت کے کچھ حصے گر گئے، کیونکہ انتہائی آتش گیر اور کم لاگت کا تعمیراتی سامان استعمال کیا گیا تھا، ابتدائی معلومات کے مطابق آگ لگنے کی وجہ آتش بازی کو قرار دیا گیا۔

دوسری جانب ہمدانیہ ڈسٹرکٹ کے حکام نے شادی ہال کے مالک کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی ہے، قطری خبر رساں ادارے الجزیرہ کے مطابق شادی ہال کا مالک ملک سے فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا۔

علاوہ ازیں عراق کی وزارت صحت کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے جس میں اموات کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، وزارت صحت کے مطابق زخمیوں میں سے اکثریت کی حالت نازک ہے۔

’ججز کی تعیناتیوں کیلئے صوابدیدی اختیارات سے عدلیہ کی آزادی سلب ہوئی‘

اسلام آباد میں سرکاری اسکول بسوں کی بندش، ’ادھار پر گزارہ ہے، پرائیوٹ ویگن کا خرچہ کیسے اٹھاؤں‘؟

دمشق: شامی اور کرد فورسز کے درمیان جھڑپ، 25 افراد ہلاک