پیرس اولمپکس میں فرینچ ایتھلیٹس کے حجاب پہن کر شرکت پر پابندی عائد
فرانس نے آئندہ سال ہونے والے پیرس اولمپکس میں اپنے ایتھلیٹس کے حجاب پہن کر مقابلے میں شرکت کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔
عرب نشریاتی ادارے ’العربیہ‘ کے مطابق فرانس کی وزیر کھیل ایمیلی اودیا کیستیرا نے چینل ’فرانس 3‘ پر پروگرام ’سنڈے ان پالیٹکس‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فرانس کے دستے میں کسی کو بھی سر ڈھانپنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری فرانسیسی ٹیموں میں کوئی بھی سر پر اسکارف نہیں لے گا اور اس پابندی میں مستقبل میں توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جہاں تک اس موضوع پر فرانسیسی مؤقف کا تعلق ہے تو ہم کونسل آف اسٹیٹ کے حالیہ فیصلے سے متفق ہیں جس میں وزیر اعظم نے کھیل کے میدان میں سیکولرازم کی حمایت کی ہے، اس کا مطلب ہے کسی بھی قسم کی تبلیغ کی ممانعت ہو گی اور غیرجانبداری کو برقرار رکھا جائے گا۔
یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب فرانس میں لباس کا موضوع ان دنوں زیر بحث ہے کیونکہ کچھ عرصہ قبل ہی ملک کے لڑکیوں کے اسکولوں میں عبایا پہن کر جانے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔
فرانس میں پہلے ہی مسلمان خواتین کے سرکاری دفاتر، اسکولوں اور یونیورسٹیوں وغیرہ میں نقاب لینے یا حجاب پہننے پر پابندی عائد ہے۔
بہت سی کمپنیوں نے سر پر اسکارف پہننے یا ملازمت کے دوران اسکارف لینے کا فیصلہ کرنے والی مسلمان خواتین کی خدمات حاصل کرنے کے حوالے سے پہلے ہی غیر تحریری اصول بھی بنا رکھے ہیں۔
پابندیوں کی واضح وجہ فرانس کی جانب سے ریاست کے نافذ کردہ سیکولرازم کی تعمیل ہے جو ریاستی اداروں کے اندر مذہب کی علامتوں پر پابندی لگاتی ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ یہ نظریہ تمام مذاہب پر لاگو ہوتا ہے، لیکن عملی طور پر مسلمان خواتین کو اس کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہے جو مذہبی یا ثقافتی وجوہات کی بنا پر سر پر اسکارف یا عبایا لینے کو ترجیح دیتی ہیں۔
فرانسیسی وزیر کھیل نے اس معاملے پر انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کے بیانیے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جو کھیلوں میں حجاب پر پابندی کی حمایت نہیں کرتی۔
انہوں نے کہا کہ کھیلوں میں شرکت کے حوالے سے پابندی بنانے والی انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی عجیب منطق پر عمل پیرا ہے اور وہ حجاب کو مذہبی علامت کے بجائے ثقافت قرار دیتی ہے۔
فرانس کی وزیر کھیل کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر صارفین میں غم و غصے کو جنم دیا اور انہوں نے فرانسیسی حکومت سے سوال کیا کہ کیا اس کا اطلاق غیرملکی ایتھلیٹس پر بھی ہو گا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر کوثر نجیب نے اس صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پیرس میں ہونے والے اولمپکس 2024 کا بائیکاٹ کرنا پڑے گا کیونکہ وزیر کھیل نے کہا ہے کہ فرنچ ایتھلیٹس حجاب نہیں پہن سکیں گی۔
انہوں نے کہا کہ کیا اس پابندی کا اطلاق غیرملکی ایتھلیٹس پر بھی ہو گا؟ اگر ایسا ہے تو امریکی ایتھلیٹ ابتہاج محمد سونے کا تمغہ نہیں جیت سکیں گی۔
دیگر صارفین نے بھی اس پابندی پر اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں میں اس چیز کو نظرانداز کرنا چاہیے، حجاب کو کھیلوں میں آڑے نہیں آنے دینا چاہیے اور اسے ایتھلیٹس کی صوابدید پر چھوڑ دینا چاہیے۔