لائف اسٹائل

ہولی ووڈ اداکاروں کا ہڑتال ختم کرنے کا اعلان، غیر حتمی معاہدہ طے

ہولی ووڈکے اول درجے کے اداکاروں سمیت ایک لاکھ 60 ہزار فنکاروں کی نمائندگی کرنے والا ادارہ اسکرین، مئی 2023 سے ہڑتال پر تھا۔

ہولی وڈ اسکرین رائٹرز اور اداکاروں نے تقریباً 5 ماہ سے جاری ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا اسٹوڈیو مالکان سے غیر حتمی معاہدہ ہوچکا ہے جس کے بعد وہ ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔

ہولی ووڈکے اول درجے کے اداکاروں سمیت ایک لاکھ 60 ہزار فنکاروں کی نمائندگی کرنے والا ادارہ اسکرین ایکٹرز گلڈ (SAG-AFTRA) اور رائٹرز گلڈ آف امریکا (ڈبلیو جی اے) مئی 2023 سے ہڑتال پر تھے۔

ان کا مطالبہ تھا کہ ان کے بنیادی تنخواہوں اور بقایا جات میں اضافہ کیا جائے، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہیں اس بات کی ضمانت دی جائے کہ اداکاروں کی جگہ مصنوعی ذہانت نہیں لے گی۔

بعد ازاں جولائی 2023 کو اداکاروں کی یونین نے والٹ ڈزنی کمپنی اور نیٹ فلکس انکارپوریشن سمیت اسٹوڈیوز کے ساتھ مذاکرات کیے جو ناکام رہے اور پھر ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

ہڑتال کی وجہ سے امریکی فلم انڈسٹری میں بیشتر فلموں کے منصوبے اور فلم کی پروموشن کا کام رک گیا تھا، یہی نہیں بلکہ صنعت کو معاشی نقصان کا سامنا رہا۔

یہ ہڑتال 60 سالوں میں پہلی بار ہورہی تھی جس کی وجہ سے خیال کیا جارہا تھا کہ دنیا کی سب سے بڑی فلم انڈسٹری وقتی طور پر مفلوج ہوسکتی ہے۔

تاہم اب 5 ماہ بعد اسکرین رائٹرز، اداکاروں کی یونین اور اسٹوڈیوز کے درمیان غیر حتمی معاہدہ طے پاگیا ہے جس کے بعد ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کی رپورٹ کے مطابق رائٹرز گلڈ آف امریکا (ڈبلیو جی اے) کی قیادت اور یونین کے اراکین کو ہڑتال ختم کرنے سے قبل الائنس آف موشن پکچر اینڈ ٹیلی ویژن پروڈیوسرز کے ساتھ 3 سالہ معاہدے پر اتفاق کرنا ہوگا۔

رائٹرز گلڈ آف امریکا نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ تفصیلات کو ابھی حتمی شکل دینا باقی ہے اس لیے ہڑتال مکمل طور پر ختم نہیں کی جارہی لیکن ہم اپنے دھرنے اور احتجاج ختم کر رہے ہیں۔

گروپ الائنس آف موشن پکچر اینڈ ٹیلی ویژن پروڈیوسرز (AMPTP) کی جانب سے رائٹرز گلڈ آف امریکا نے اراکین کو بھیجے گئے خط میں کہا گیا کہ ’ہم غیر حتمی معاہدے پر پہنچ گئے ہیں، معاہدے کے تمام نکات پر اصولی طور پر عمل کرنا ہوگا جو معاہدے کی حتمی مسودہ تیار کرنے سے مشروط ہے، اس معاہدے میں رائٹرز سمیت تمام لوگوں کے تحفظ کے فائدے کے لیے بات کی گئی ہے۔ ’

خیال رہے کہ ہالی وڈ کے اداکاروں نے آخری بار 1980 میں ہڑتال کی تھی۔

اداکاروں کی ہڑتال کے باعث امریکی فلم اسٹوڈیوز اور اسکرپٹ ٹیلی ویژن سمیت دیگر پروڈکشن ہاؤس بند ہوگئے تھے۔

63 سال میں پہلی بار ہولی ووڈ اداکار ہڑتال کیوں کررہے ہیں؟

ہولی ووڈ اداکاروں کو مصنوعی ذہانت کا خوف، ہڑتال جاری