کھیل

ایشین گیمز والی بال: پاکستان کی جنوبی کوریا کے خلاف شاندار فتح، قومی ٹیم کے کوچ آبدیدہ

شاندار فتح پر برازیل سے تعلق رکھنے والے قومی ٹیم کے کوچ آبدیدہ ہوگئے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

چین میں جاری ایشین گیمز 2023 میں والی بال مقابلوں میں پاکستان نے جنوبی کوریا کے خلاف شاندار فتح کے بعد کوارٹر فائنل کےلیے کوالیفائی کرلیا، شاندار فتح پر قومی ٹیم کے کوچ آبدیدہ ہوگئے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

چین کے شہر ہینگزو میں جاری ایشین گیمز میں والی بال کے مقابلوں میں پاکستان نے جنوبی کوریا کو 0-3 سے شکست دی تھی، جس کے بعد قومی ٹیم نے کوارٹر فائنل کےلیے کوالیفائی کرلیا ہے۔

اپنی شاندار جیت کے ساتھ پاکستان نے میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا جہاں قومی ٹیم کا مقابلہ آج قطر سے ہوگا، فتح کی صورت میں ایران سے سیمی فائنل کھیلے گی۔

والی بال مقابلے کے پہلے سیٹ میں دونوں ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز انداز میں مقابلے کا آغاز ہوا، پاکستان نے 26 منٹ جاری رہنے والا پہلا سیٹ 19-25 سے جیتا جبکہ دوسرے سیٹ میں 22-25 سے جیت کر برتری حاصل کی، اس کے علاوہ 28 منٹ جاری رہنے والے تیسرے سیٹ میں پاکستان نے 21-25 سے جیت کر کامیابی حاصل کی۔

پاکستان کی جانب سے عثمان فریاد نے 20 اور مراد خان نے 19 پوائنٹس حاصل کئے، عبدالظہیر، مصور خان اور مراد جہاں نے بھی نمایاں پرفارمنس دی۔

جنوبی کوریا کے خلاف پاکستان کی فتح کے بعد برازیل سے تعلق رکھنے والے قومی ٹیم کے کوچ اسینے رمیرس فراض ایک انٹرویو کے دوران اپنے آنسو نہ روک سکے اور جذباتی ہوگئے، انہوں نے کھلاڑیوں کی تعریف کی۔

انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ کو اندازہ نہیں ہے کہ ان کھلاڑیوں نے یہاں پہنچنے کے لیے کتنی محنت کی ہے، یہ مشکل تھا، بہت مشکل تھا لیکن ہم جانتے تھے کہ ہم کامیاب ہوں گے‘۔

قومی ٹیم کے کوچ نے کہا کہ ’کھلاڑیوں کے عزم، ان کی کام میں لگن بے مثال تھی، کھلاڑیوں کی پوری توجہ کھیل پر تھی‘۔

جنوبی کوریا کے خلاف جیت کے بعد پاکستان نے 1994 کے بعد پہلی بار ٹاپ 6 ٹیموں میں اپنی جگہ بنا لی ہے۔

اس سے قبل پاکستان نے چائنیز تائپے اور منگولیا کی ٹیموں کے خلاف کھیل کر فتح حاصل کرکے گروپ بی کی سرفہرست میں جگہ بنائی تھی۔

گرین شرٹس نے چائنیز تائپے کو 3 سیٹس میں 25-18، 25-20، 25-19 سے شکست دی۔

اس دوران منگولیا کے خلاف قومی ٹیم کی جیت کا اسکور 25-17، 25-19 اور 25-20 رہا۔

ایشین گیمز والی بال کی تاریخ میں پاکستان نے 1962 کے جکارتہ ایشین گیمز میں اہم کامیابی حاصل کی جہاں قومی ٹیم نے تیسری پوزیشن حاصل کی تھی، تاہم 2018 میں انڈونیشیا میں ہونے والے ایشین گیمز میں پاکستان آٹھویں نمبر پر رہا۔

چین کے شہر ہینگ ژو میں 19ویں ایشین گیمز کا شاندار افتتاح

ایشین گیمز کیلئے خواتین ایتھلیٹس کے ویزوں پر تنازع، بھارتی وزیرِ کھیل کا دورہ چین منسوخ

شاہدہ عباسی نے ساؤتھ ایشین گیمز میں پاکستان کو پہلا گولڈ میڈل جتوا دیا