پاکستان

ریفریجریشن سسٹم کی خرابی سمندری راستے سے یو اے ای کو گوشت کی درآمد پر پابندی کی وجہ قرار

گوشت کے غیر معیاری ہونے کی مبینہ وجہ کنٹینرز کے ریفریجریشن سسٹم کا غیر فعال ہونا تھی جس کی ذمہ دار شپنگ لائن کمپنی ہے، ٹی ڈی اے پی

گزشتہ روز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی جانب سے مبینہ طور پر گوشت کی ایک کھیپ میں فنگس پائے جانے کے بعد سمندری راستے سے پاکستان سے فریز کیے ہوئے گوشت کی درآمد پر پابندی عائد کیے جانے کا ذمہ دار شپنگ لائن کے ریفریجریشن سسٹم کی خرابی کو ٹھہرایا گیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق خلیجی ریاست کی جانب سے درآمدات پر کم از کم وقتی طور پر عائد کردہ پابندی پاکستان کی بدنامی کا باعث بنی ہے۔

دبئی میونسپل اتھارٹیز کی یہ پابندی دبئی میں گائے کے غیر معیاری گوشت کے کئی کنٹینرز کی آمد کے بعد لگائی گئی ہے تاہم کچھ مقامی کمپنیوں کا دعویٰ ہے کہ ان کے گوشت کی برآمدات پابندیوں کی زد میں آنے سے بچ گئی ہیں۔

ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) نے کہا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ گوشت کے غیر معیاری ہونے کی وجہ مبینہ طور پر کنٹینرز میں نصب ریفریجریشن سسٹم کا ناکارہ/غیر فعال ہونا تھی، ریفریجریشن سسٹم، شپنگ لائن کمپنیوں کی ذمہ داری ہے۔

ٹی ڈی اے پی نے دعویٰ کیا کہ متحدہ عرب امارات کی وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات کی جانب سے پاکستان سے سمندر کے ذریعے گوشت کی برآمد پر 10 اکتوبر تک لگائی گئی حالیہ پابندی کے معاملے کو حل کرنے کے لیے مستعدی سے کام کر رہا ہے۔

ٹی ڈی اے پی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ برآمد کنندگان نے شپنگ لائن کمپنی کے خلاف ہرجانے کی درخواست دائر کر دی ہے جب کہ دبئی میں موجود پاکستانی قونصل خانے نے ناخوشگوار واقعے کی وجہ کا تعین کرنے کے لیے اسٹیک ہولڈرز سے بات چیت کی ہے۔

اس میں مزید کہا گیا ہے کہ اس معاملے پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کرنے، یو اے ای کے تحفظات دور کرنے اور پابندی ختم کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کی متعلقہ وزارت سے باضابطہ میٹنگ کی درخواست بھی کی گئی ہے۔

پاکستانی گوشت پروسیسر کمپنی آرگینک میٹ کمپنی لمیٹڈ (ٹی او ایم سی ایل) نے کہا ہے کہ وہ سمندری راستے سے متحدہ عرب امارات کی اپنی مارکیٹ میں فریز اور ویکیوم پیک ٹھنڈے گوشت کی مصنوعات کی برآمد جاری رکھے گا۔

جی سی سی مارکیٹ میں گوشت مصنوعات برآمد کرنے والی کمپنی نے جمعرات کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں جمع کرائی گئی اپنی فائلنگ میں اس معاملے سے متعلق پیش رفت کا ذکر کیا۔

متحدہ عرب امارات کی جانب سے عائد کردہ پابندی کا حوالہ دیتے ہوئے کمپنی نے کہا کہ سمندر کے راستے فریز یا ویکیوم پیکڈ تازہ ٹھنڈے گوشت کی برآمد پر کوئی پابندی نہیں ہے، یہ پابندی صرف تازہ ٹھنڈے گوشت کی سمندر کے راستے برآمدات اور ترسیل پر ہے۔

ورلڈ کپ کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان، حسن علی ٹیم میں شامل

والدہ کے علاج کیلئے پیسے مانگے تو لوگوں کے سامنے رونا پڑا، فضا علی غصہ ہوگئیں

جنوری کے آخری ہفتے میں انتخابات کا اعلان، پولنگ شیڈول کیا ہو گا؟