کھیل

سری لنکا کے خلاف میچ میں غلطیاں ہوئیں، باؤلنگ، فیلڈنگ اچھی نہیں رہی، بابر اعظم

فاسٹ باؤلر حارث رؤف ورلڈ کپ سے قبل فٹ ہوجائیں گے، نسیم شاہ بھی ورلڈ کپ کے دوران ٹیم کو جوائن کرلیں گے، کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف میچ کے دوران ہم سے کئی غلطیاں ہوئیں، باؤلنگ اور فیلڈنگ میں ویسا رد عمل نہیں تھا جیسا کہ ہونا چاہیے تھا۔

سری لنکا میں جاری ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں سری لنکا کے خلاف اہم میچ میں ٹیم کی شکست کے بعد بابر اعظم نے کہا کہ اس پچ پر 252 کا ٹارگٹ مناسب تھا لیکن ہم نے ابتدا اور درمیان میں بہتر باؤلنگ نہیں کی، درمیان کے اوورز میں وکٹ نہیں لی اور پارٹنرشپ کی قیمت ہم نے ہار کی شکل میں چکائی۔

انہوں نے کہا کہ میچ کے آخری 5 اوورز میں ہم نے کم بیک کیا لیکن بد قسمتی سے ہم بہتر طور پر میچ کا اختتام نہیں کرسکے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ جب آپ کے بہتررین باؤلرز ٹیم میں نہ ہوں تو آپ کو اور آپ کی ٹیم کو اس کی قیمت چکانی پڑتی ہے لیکن ان کے متبادل کھیلنے والے کھلاڑیوں سمیت سب نے پوری کوشش کی لیکن بد قسمتی سے ہم نے اختتام اچھا نہیں کیا۔

شاداب خان کی کارکردگی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ شاداب خان نے اچھی باؤلنگ کی لیکن بد قسمتی سے انہیں وکٹ نہیں ملی، اس لیے ایسا لگ رہا ہے کہ انہوں نے اچھی باؤلنگ نہیں کی، وہ اور محمد نواز ہمارے بہترین باؤلرز ہیں۔

میچ میں ڈیبیو کرنے والے فاسٹ باؤلر زمان خان کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اپنا پہلا میچ کھیلنے والے کھلاڑی نے زبردست باؤلنگ کی، اس سے قبل وہ پی ایس ایل میں بھی بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرچکے ہیں، وہ پراعتماد ہیں لیکن عالمی میچز کا دباؤ الگ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میچ کے دوران ہم سے غلطیاں ہوئیں، فیلڈنگ میں ویسا رد عمل نہیں تھا جیسا کہ ہونا چاہیے تھا، باؤلنگ میں درمیان کے اوورز زیادہ اچھے نہیں کراسکے، ہمارے اہم باؤلرز ان فٹ ہوگئے، اس سے آپ کو تھوڑا سے فرق پڑتا ہے لیکن ورلڈ کپ کے لیے ہماری اچھی تیاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میچ میں غلطیاں ہوئیں، ان خامیوں پر مزید کام کریں گے، ہر میچ اور ٹورنامنٹ میں غلطیاں ہوتی ہیں، ہم ان سے سیکھیں گے اور ورلڈ کپ میں جانے سے پہلے ہم اس چیز کو کلیئر کرکے جائیں گے۔

فاسٹ باؤلرز حارث رؤف اور نسیم شاہ کی ورلڈ کپ میں شمولیت اور ان کی غیر موجودگی سے متعلق سوال پر قومی کپتان نے کہا کہ اس حوالے سے پلان بی سے متعلق ابھی نہیں بعد میں بتاؤں گا، حارث رؤف ورلڈ کپ سے قبل فٹ ہوجائیں گے جب کہ نسیم شاہ کے حوالے سے صورتحال ابھی واضح نہیں کہ ان کے فٹ ہونے میں کتنا وقت لگے لیکن میرے خیال میں نسیم شاہ بھی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کو بعد میں جوائن کرلیں گے۔

سری لنکا کے خلاف میچ میں ایک گیند کرائے جانے سے قبل فیلڈنگ تبدیل کیے جانے سے متعلق سوال پر بابر اعظم نے کہا کہ وہ گیند مختلف کرنی تھی لیکن باؤلر نے وہ گیند دوسری کردی، وہ بال تھوڑی ٹانگ پر ہوگئی، فیلڈرز کو بلے باز کے قریب رکھنے کا مقصد دباؤ ڈالنا اور ایک رن بننے سے بچانا تھا، وہ ڈو اینڈ ڈائی کی صورتحال تھی، وہاں ڈاٹ بال یا ایک رن بن جاتا تو زیادہ اچھا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سری لنکا نے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے میچ میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی تھی جہاں اس کا مقابلہ بھارت سے ہو گا۔

کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، بارش کے سبب اننگز کا آغاز تاخیر سے ہوا اور میچ کو 45 اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا تھا۔

کولمبو میں کھیلے گئے بارش سے متاثرہ میچ کو 42 اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا تھا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے قومی ٹیم نے 252 رنز بناکر سری لنکا کو جیت کے لیے 253 رنز کا ہدف تھا جسے اس نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 8 وکٹوں کے نقصان پر آخری گیند پر حاصل کرلیا۔

چینی کمپنی کا پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کا پلانٹ قائم کرنے کا اعلان

’مائی ری‘ پر شدید تنقید کے بعد ڈرامے کے ڈائریکٹر کی وضاحت

ایشیا کپ: سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کامیاب، پاکستان فائنل کی دوڑ سے باہر