کھیل

ایشیا کپ: شائقین کو اسٹیڈیم میں راغب کرنے کیلئے ٹکٹ کی قیمتوں میں 95فیصد تک کمی

سری لنکا میں ون ڈے میچوں کے ٹکٹ کی قیمت عموماً 250روپے ہوتی ہے جسے ایشیا کپ میں بڑھا کر 10ہزار روپے کر دیا گیا تھا۔

سری لنکا کرکٹ نے ایشیا کپ کے اخراجات میں 40فیصد اضافے کے باوجود خالی اسٹیڈیم میں شائقین کو راغب کرنے کے لیے ٹکٹوں کی قیمتوں میں 95 فیصد تک کمی کر دی ہے۔

بحران سے دوچار سری لنکا میں ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کے ٹکٹوں کی قیمت عام طور پر تقریباً 250 روپے (0.78 ڈالر) ہوتی ہے۔

پاکستان اور سری لنکا دونوں بورڈز کے زیر اہتمام ایشیا کپ کے لیے اس قیمت کو بڑھا کر 10ہزار روپے کر دیا گیا تھا اور اس زائد قیمت کی وجہ سے کرکٹ کے دلدادہ ملک سری لنکا میں شائقین چاہنے کے باوجود اسٹیڈیم جانے سے قاصر ہیں۔

کولمبو کے 35ہزار گنجائش کے حامل آر پریماداسا اسٹیڈیم میں ہفتے کے روز بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان سپر فور راؤنڈ کے میچ میں صرف 7ہزار لوگ میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم میں موجود تھے اور میزبان ٹیم کے میچ کے باوجود اسٹیڈیم میں شائقین کی کم تعداد کے سبب سری لنکن بورڈ کو شرمناک صورحال کا سامنا کرنا پڑا۔

تماشائیوں کو میچ دیکھنے کے لیے دوبارہ اسٹیڈیم کی جانب راگب کرنے کے لیے سری لنکا کرکٹ نے اتوار کو پاک بھارت میچ سمیت سپر فور راؤنڈ کے تمام مچیوں کے لیے ٹکٹ کی قیمتوں میں 95 فیصد تک کٹوتی کا اعلان کیا اور اب ان ٹکٹوں کی قیمت 500 روپے سے بھی کم ہے۔

ٹکٹ کی قیمتوں میں حد سے زیادہ اضافے نے شائقین کو مشتعل کردیا تھا۔

زرمبادلہ کی کمی کے بعد سری لنکا گزشتہ سال سے بھران سے دوچار ہے جسے خوراک، ایندھن اور ادویات کی قلت کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اس کے خلاف عوام نے بڑے پیمانے پر مظاہروں اور احتجاج کا آغازکردیا تھا جس کا اختتام سری لنکن صدر کی برطرفی پر ہوا تھا۔

ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان نے کرنی تھی لیکن سیاسی کشیدگی کی وجہ سے بھارت نے پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد ایونٹ کے زیادہ تر میچز سری لنکا منتقل کر دیے گئے تھے۔

سری لنکا کے ایک مقامی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ پاکستان نے ٹکٹوں کی قیمتیں بہت زیادہ رکھی ہیں اور اس وجہ سے شائقین بڑی تعداد میں اسٹیڈیم آنے سے قاصر ہیں، ٹکٹ کی قیمتیں عام آدمی کی دسترس سے باہر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ صورتحال بہت عجیب ہے، ہم نے پی سی بی سے بات کرنے کی کوشش کی لیکن ان کے پاس اپنی وجوہات تھیں کیونکہ انہیں مالی نقصان ہوا ہے۔

پی سی بی سے رابطے کی کوشش کی لیکن انہوں نے اس حوالے سے درخواستوں کا کوئی جواب نہیں دیا۔

آج بھارت اور پاکستان کے میچ کے لیے شائقین کی تعداد بھی کم ہی رہی کیونکہ گرینڈ اسٹینڈ کے ٹکٹ کی قیمت 64ہزار روپے (200ڈالر) رکھی گئی ہے اور شائقین اس صورتحال سے خوش نہیں ہیں۔

کولمبو اسٹیڈیم کے باہر چائے بیچنے والے سوپن وجے ارتھنم نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹھیک نہیں ہے، ہم کرکٹ سے محبت کرتے ہیں لیکن میچ دیکھنے کے لیے اتنی رقم ادا نہیں کر سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے یہاں صرف 100 اور 200 روپے میں کئی میچ دیکھے ہیں لیکن اس بار مجھے اسے ٹی وی پر دیکھنا ہے اور صرف شور سننا ہے جو اسٹیڈیم کے مقابلے میں یقیناً کم ہے۔

بھارت کے شہر لکھنؤ سے تعلق رکھنے والے ارون کمار یادیو نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس کھیل کے لیے 16ہزار سری لنکن روپے ادا کیے ہیں، ہم وہاں کینڈی میں بھی تھے اور وہاں ہمیں 15ہزار روپے ادا کرنے پڑے۔

35 سالہ نوجوان نے مزید کہا کہ گزشتہ مرتبہ کے مقابلے میں اس بار قیمتیں بہت زیادہ ہیں لیکن یہ کرکٹ سے ہماری محبت ہے کہ ہم پھر بھی میچ دیکھنے کے لیے آئے ہیں۔

مقامی گلیوں میں بھارت اور پاکستان کی جرسیاں اور جھنڈے بیچنے والے ایک شخص نے کہا کہ گیم بلاک بسٹر ہونے کے باوجود شائقین کم اور اسٹیڈیم میں گونج بھی کم تھی۔

’میں زندہ ہوں‘، عدنان صدیقی نے موت کی افواہوں کی تردید کردی

ملک کا نام تبدیل کرنے کی کوشش کرنے والوں کو قیمت چکانا ہو گی، راہول گاندھی

6 مغوی فٹبالرز کی بازیابی کیلئے ڈیرہ بگٹی میں آپریشن جاری ہے، نگران وزیر داخلہ