گوگل کروم کے 15 سال مکمل ہونے پر اسے ری ڈیزائن کرنے کا اعلان
انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کمپنی ’گوگل‘ نے اپنے ویب براؤزر ’کروم‘ کے 15 سال مکمل ہونے پر اسے ری ڈیزائن کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اس میں متعدد نئے فیچرز پیش کرنے کی تصدیق کردی۔
’کروم‘ براؤزر دنیا بھر میں استعمال کیا جانا والا سب سے بڑا براؤزر ہے اور یہ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس سمیت دیگر سافٹ ویئرز پر ڈیفالٹ براؤزر ہے۔
چوں کہ ’کروم‘ کو گوگل نے تیار کیا ہے، اس لیے اس کی سرچ انجن بھی سب سے زیادہ مقبول اور بہتر سمجھی جاتی ہے۔
اگرچہ گزشتہ 15 سال میں ’کروم‘ میں متعدد تبدیلیاں کی گئیں اور اسے ری ڈیزائن بھی کیا گیا لیکن اب اسے مکمل طور پر ری ڈیزائن کیا جا رہا ہے۔
گوگل نے اپنی بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ کچھ ہی دنوں بعد صارفین گوگل کی کلر تھیم اپنی مرضی سے تبدیل کر سکیں گے۔
علاوہ ازیں اس میں سرچنگ ٹولز کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے، ساتھ میں اس میں تصاویر کی تصدیق کے ٹول کو بھی زیادہ اپگریڈ کیا جا رہا ہے۔
پندرہویں سالگرہ پر گوگل کروم میں سیکیورٹی فیچرز کو بھی بہتر بناکر سیف براؤنگ کو وسعت دی جا رہی ہے، جس کا مطلب ہے کہ سرچنگ کے وقت کسی بھی موضوع کی انتہائی نامناسب تصاویر یا ویڈیوز سامنے نہیں آئیں گی۔
تبدیلیوں کے بعد کروم کے مینیو میں کچھ مزید چیزیں شامل کی جائیں گی، جسا کہ گوگل ٹرانسلیشن اور اسی طرح کے دیگر ٹولز کو مینیو کا حصہ بنایا جائے گا۔
اسی طرح پاسورڈز کو گوگل کروم پر محفوظ کرنے کے فیچر کو بھی اپگریڈ کرکے زیادہ بہتر کیا جا رہا ہے۔
نئی تبدیلیوں کے بعد اگرچہ گوگل کروم کی ڈیفالٹ تھیم اور کلر موجود رہے گا لیکن صارفین اپنی مرضی کے مطابق تھیم اور کلر کو تبدیل کر سکیں گے۔
علاوہ ازیں آنے والے وقت میں کروم پر مزید کئی تبدیلیاں کرکے اس میں جدید فیچرز پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ ’گوگل‘ خود 1998 میں بنا تھا جب کہ اسی کمپنی نے 10 سال بعد 2008 میں کروم کو پیش کیا تھا اور تب سے مذکورہ براؤزر میں ہر سال بہتریاں اور تبدیلیاں لاکر اسے مقبول ترین بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔