پاکستان

کورکمانڈرز کانفرنس: معاشی ترقی میں حائل غیرقانونی رکاوٹوں کی روک تھام میں تعاون کا عزم

کانفرنس میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی چھتری تلے معاشی ترقی کے لیے جاری کوششوں میں مکمل تعاون کرنے کا عزم دہرایا گیا، آئی ایس پی آر

عسکری قیادت نے کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک میں معاشی ترقی کی راہ میں حائل غیرقانونی رکاوٹوں کی روک تھام اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے کے لیے حکومت کے ساتھ تعاون کا عزم کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت 259 ویں کور کمانڈرز کانفرنس جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں منعقد ہوئی۔

بیان میں کہا گیا کہ عسکری قیادت کی جانب سے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی چھتری تلے معاشی ترقی کے لیے جاری کوششوں میں مکمل تعاون کرنے کا عزم دہرایا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں کہا گیا کہ معاشی استحکام، نمو اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کے لیے ہونے والی تمام غیرقانونی سرگرمیاں کی روک تھام کے لیے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کیا جا رہا ہے۔

کانفرنس میں پائیدار امن اور ترقی کے لیے بلوچستان کے سرحدی اضلاع اور خیبرپختونخوا کے نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

اس سے قبل چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کی جانب سے تاجروں کو ایکسچینج ریٹ میں شفافیت لانے کے لیے اقدامات کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کور ہیڈکوارٹرز لاہور میں تاجروں سےگفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ منی ایکسچینج کو ٹیکس کے دائرے میں لایا جائے گا، ڈالر کے تبادلے اور انٹربینک ریٹ میں شفافیت کو فروغ دیا جائے گا۔

انہوں نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، کویت اور دیگر ممالک سے 100 ارب ڈالر تک کی خاطر خواہ سرمایہ کاری کو راغب کرنے کی صلاحیت پر زور دیا تھا۔

آرمی چیف نے اقتصادی فیصلہ سازی کو تقویت دینے کے لیے معاشی معاملات اور مختلف شعبوں پر توجہ مرکوز کرنے والی ٹاسک فورسز کی تشکیل کا انکشاف کیا۔

’دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف پوری قوت سے نمٹیں گے‘

کانفرنس کے شرکا نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و جوان اور سول سوسائٹی کے شہدا جنہوں نے ملک کی حفاظت، سلامتی اور وقار کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

کورکمانڈرز کانفرنس میں شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور عزم دہرایا گیا کہ ریاست پاکستان اور مسلح افواج اپنے شہدا اور ان کے اہل خانہ کو ہمیشہ احترام کی نگاہ سے دیکھے گی۔

بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج نے 6 ستمبر کو ملک بھر میں یوم دفاع اور شہدا بھرپور طریقے سے منانے پر پوری قوم کا شکریہ ادا کیا۔

کورکمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے ہر قسم کے بالواسطہ اور بلاواسطہ خطرات کے خلاف پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔

آرمی چیف کی زیر صدارت فورم نے ایک بار پھرعزم کیا کہ ریاستی اداروں اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کے لیے مذموم پروپیگنڈہ کرنے والوں کو مایوسی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا اور اس کے نتیجے میں ایسے عناصر مزید ناکام ہوں گے۔

عسکری قیادت نے کہا کہ یقینی بنایا گیا کہ دہشت گرد جو پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کے خلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔

موجودہ پاکستانی فاسٹ باؤلنگ اٹیک نے سنہری دور کی یاد تازہ کردی، شعیب اختر

واٹس ایپ پر ایچ ڈی فوٹوز اور ویڈیوز بھیجنا ممکن

پاکستان گیس پورٹ کو ایک سال بعد ملک کے پہلے اسپاٹ ایل این جی کارگو کی تلاش