کھیل

ایشیا کپ سپر فور مرحلہ: پاک۔بھارت میچ کے دوران بارش کا امکان

دن کے دوران بارش کا 90 فیصد جبکہ گرج چمک کے ساتھ بارش کا 54 فیصد امکان ہے، ایکو ویدر

ایشیا کپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان سپر فور مرحلے کا اتوار کو شیڈول میچ بھی بارش سے متاثر ہوسکتا ہے، جس سے شائقین کو ایک بار پھر مایوسی کا سامنا پڑسکتا ہے۔

واضح رہے کہ 2 ستمبر کو ایشیا کپ کے ہائی وولٹیج میچ میں بھارت اور پاکستان کے درمیان میچ بارش کے سبب بے نتیجہ ختم ہو گیا تھا، بھارتی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 266 رنز بنائے تھے تاہم پاکستان کو بیٹنگ کا موقع نہیں ملا تھا۔

10 ستمبر بروز اتوار کو میچ 2 بج کر 30 منٹ پر کولمبو میں شیڈول ہے تاہم اکیو ویدر نے ناموافق موسم کی پیش گئی کی ہے۔

اکیو ویدر کے مطابق دن کے اوقات میں سورج ہوگا، تاہم بعد میں موسم ابر آلود ہو جائے گا اور خاص طور پر شام میں بارش متوقع ہے۔

مزید بتایا کہ دن کے دوران بارش کا 90 فیصد جبکہ گرج چمک کے ساتھ بارش کا 54 فیصد امکان ہے۔

مزید بتایا کہ رات کے وقت میں درجہ حرارت میں 5 ڈگری تک کمی ہوگی کیونکہ آسمان پر بادل چھا جائیں گے اور گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہوگی۔

ادارے نے رات میں بارش ہونے کا 96 فیصد اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا 58 فیصد امکان ظاہر کیا۔

ایک اور موسمیاتی ایجنسی ورلڈ ویدر آن لائن نے پیش گوئی کی کہ دن میں کولمبو کے پریماداسا انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم پر درمیانے درجے کی بارش ہوسکتی ہے، جہاں ہائی وولٹیج مقابلہ ہونا ہے۔

ایجنسی نے بتایا کہ میچ کے دن صبح سویرے درمیانے درجے کی بارش ہوگی اور میچ شروع ہونے سے عین قبل مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے 0.3 ملی میٹر بارش ہونے کا 82 فیصد امکان ہے۔

اس نے مزید بتایا کہ دن بھر میں درمیانے درجے کی بارش کے تین سے زیادہ اسپیل آسکتے ہیں۔

ویدر ڈاٹ کام کے مطابق دن میں بارش ہونے کے 93 فیصد اور رات میں 97 فیصد امکان ہے، مزید بتایا کہ دن بھر گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی ہے جبکہ درجہ حرارت 25 سے 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔

حکومت کے سخت اقدامات: اوپن اور انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کا فرق ایک فیصد سے بھی کم ہو گیا

کراچی اور پشاور کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق

آسٹریلوی وزیر اعظم کی دورہ چین کی تصدیق، تعلقات کی بحالی کیلئے تیار ہیں، چینی ہم منصب