کراچی: ساحل سمندر پر جیپ میں پھنسے خاندان کو 2 گھنٹے بعد بچا لیا گیا
کراچی کے ساحل سمندر پر ایک خاندان کے 4 افراد کے ساتھ ریت پر پھنسی جیپ کو دو گھنٹے بعد نکال لیا گیا۔
سی ویو پولیس چیک پوسٹ کے انچارج ثنااللہ سومرو نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ ایک فیملی اپنی جیپ میں سی ویو پر پکنک کے لیے پہنچی جہاں لائف گارڈز نے انہیں پانی میں مزید آگے بڑھنے سے خبردار کیا، لیکن انہوں نے اس مشورے کو نظر انداز کردیا۔
انہوں نے وضاحت کی کہ سمندر میں لہروں کی وجہ سے جیپ ریت میں پھنس گئی، جس نے لائف گارڈز کو مداخلت کرنے پر مجبور کیا۔
ابتدائی طور پر ریسکیو اہلکاروں نے جیپ کو باہر نکالنے کی کوشش کی لیکن رسی ٹوٹنے کی وجہ سے کوشش ناکام رہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ لائف گارڈز نے دوسری کوشش کی جس میں گاڑی کو کامیابی سے نکالنے میں تقریباً دو گھنٹے لگے۔
جب چیک پوسٹ کے انچارج ثنااللہ سومرو سے پوچھا گیا کہ کیا حفاظتی انتباہات کو نظر انداز کرنے پر خاندان کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی ہے، تو انہوں نے جواب دیا کہ ہم نے انہیں وارننگ جاری کرنے کے بعد جانے کی اجازت دی تھی۔
ایس ایس پی ساؤتھ شیراز نذیر نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ پولیس اہل خانہ کے خلاف قانونی کارروائی نہیں کر سکتی کیونکہ فی الحال اس مقام پر کوڈ آف کرمنل پروسیجر (سی آر پی سی) کی دفعہ 144 نافذ نہیں ہے۔