کھیل

ایشیا کپ 2023: بڑے میچ سے قبل بابر اعظم اور ویرات کوہلی نے کیا کہا؟

پاکستان کرکٹ ٹیم کی اصل طاقت ان کے باؤلرز ہیں جو کسی بھی موقع پر میچ کا رخ بدل سکتے ہیں، ویرات کوہلی

ایشیا کپ 2023 کے بڑے میچ سے قبل بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی نے پاکستانی باؤلرز کی تعریف کرتے ہوئے کل کے میچ کو اہم قرار دیا تو دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ویرات کوہلی کے مفید مشوروں سے انہیں بہت مدد ملی ہے۔

ایشیا کپ 2023 کی میزبانی پاکستان اور سری لنکا مشترکہ طور پر کر رہے ہیں، یہ ٹورنامنٹ 31 اگست سے 17 ستمبر تک جاری رہے گا جبکہ 10 ٹیموں پر مشتمل ورلڈ کپ 2023 پانچ اکتوبر سے 19 نومبر تک بھارت میں ہوگا۔

ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا کل (2 ستمبر) کو سری لنکا میں ہوگا جہاں دونوں ٹیمیں بہترین پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گی۔

ہائی وولٹیج ٹاکرے سے قبل بھارتی بلے باز ویرات کوہلی نے اسٹار اسپورٹس سے بات کرتے ہوئے پاکستان کے باؤلنگ اٹیک کی تعریف کی۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان کا باؤلنگ اٹیک زبردست ہے، ان کے باؤلرز کا سامنا کرنا کسی بڑے چیلنج سے کم نہیں۔

انہوں نے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ ’میرے خیال میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی اصل طاقت ان کے باؤلرز ہیں جو کسی بھی موقع پر میچ کا رخ بدل سکتے ہیں، لہذا ان کا سامنا کرنے کے لیے اپنی پوری کوشش کرنی ہوگی۔‘

ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم میں ایسے بااثر اور باصلاحیت بولرز ہیں جو اپنی صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے کسی بھی موقع پر میچ کا رخ بدل سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ کھیلنا ہمیشہ زبردست چیلنج رہا ہے۔

اسٹار بلے باز نے مزید کہا کہ ’میں ہمیشہ یہی کوشش کرتا ہوں کہ میں اپنے ہر میچ میں اور ہر سیزن میں پہلے سے بہتر کیسے ہوسکتا ہے، کارکردگی میں تسلسل برقرار رکھنے سے ہی آپ میدان میں پرفارم کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ’اگر آپ ایک پرفارمنس کو ہدف کو ہدف بنائیں گے تو آپ میدان میں اچھی کارکردگی کا تسلسل برقرار نہیں رکھ سکتے، کیونکہ ایسا کرنے سے ایک موقع پر آکر آپ خود سے مطمئن ہو کر محنت کرنا بند کردیں گے ۔’

دوسری جانب ویرات کوہلی کی تعریف پر جواب دیتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ’اچھا محسوس ہوتا جب کوئی کھلاڑی آپ کی تعریف کرے، ویرات کوہلی نے میرے لیے جن الفاظ کا انتخاب کیا وہ میرے لیے قابل فخر ہے، جب کوئی تعریف کرتا ہے تو اس سے آپ کو اعتماد ملتا ہے۔‘

بابر اعظم نے کہا کہ 2019 کے ورلڈ کپ کے دوران جب میری ویرات کوہلی سے ملاقات ہوئی تو وہ اپنے عروج پر تھے اور آج بھی عروج پر ہیں، اُس وقت میں سوچ رہا تھا کہ ویرات کوہلی سے کچھ سیکھ لوں اور مجھے سیکھنے کا موقع بھی ملا۔

کپتان کا کہنا تھا کہ اس وقت ویرات کوہلی نے بہت سی باتیں سمجھائیں، ان باتوں سے مجھے بہت مدد ملی اور بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔

ویرات کوہلی نے 2020 میں بابر اعظم کی صلاحیت اور ان کے کردار کی تعریف کی تھی جس کے بعد یہ ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا تھا کہ بابر اعظم دنیا کے نمبر ون بلے باز میں سے ایک ہیں، وہ ایک بہترین کھلاڑی ہیں جن کی پرفارمنس دیکھ کر مزہ آتا ہے، اس کے باوجود پہلے دن سے بابر کی طرف سے میں نے اپنے لیے بے پناہ عزت دیکھی ہے اور آج بھی اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے

ان کا کہنا تھا کہ اس طبیعت کے کرکٹرز اپنے کریئر میں بہت آگے جاتے ہیں جو لوگوں کو متاثر بھی کرتے ہیں۔

نیپال کے خلاف بابر اعظم کی دھواں دھار بیٹنگ، بھارتی کرکٹرز بھی تعریف کرنے پر مجبور

کرکٹ ورلڈکپ 2023: پاک بھارت میچ کے تمام ٹکٹس ایک گھنٹے میں فروخت

نیپال کو شکست دینے کے بعد ٹیم بھارت کے خلاف پرعزم ہے، بابر اعظم