پاکستان

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس میں نگران وزیراعظم کی شرکت کا امکان

انوار الحق کاکڑ بظاہر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے پہلے نگران وزیراعظم ہوں گے۔

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (یو این جی اے) کے 78ویں اجلاس میں شرکت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جو 5 ستمبر کو شروع ہوگا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اگر یہ دورہ واقعی ہو جاتا ہے، تو انوار الحق کاکڑ بظاہر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے پہلے نگران وزیر اعظم ہوں گے۔

اقوام متحدہ کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق باقاعدہ اعلیٰ سطح کا اجلاس 19 ستمبر کو شروع ہوگا، اس روز عالمی رہنما اجلاس سے خطاب کریں گے۔

اقوام متحدہ میں پاکستانی سفارت کاروں نے صحافیوں کو بتایا کہ انہوں نے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پاکستان کے لیے ایک سلاٹ بک کر لیا ہے اور اس حوالے سے اسلام آباد سے مزید ہدایات کا انتظار کر رہے ہیں۔

رواں ہفتے کے اوائل میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 26جنوری کو ماحول دوست توانائی کا عالمی دن منانے کے لیے پاکستان اور پاناما کی جانب سے مشترکہ طور پر پیش کی گئی قرارداد کی منظوری دے دی۔

193رکنی جنرل اسمبلی نے ماحولیات کے تحفظ کے لیے پیش کردہ اس قرارداد کے متن کی بغیر ووٹنگ کے منظوری دی، 26 جنوری توانائی کے وسائل کے پائیدار استعمال کے بارے میں آگاہی اور ’گلوبل انرجی ٹرانزیشن‘ کو فروغ دینے کے لیے اقوام کے درمیان تعاون کو مضبوط کرنے کا ایک پلیٹ فارم بن جائے گا۔

رکن ممالک کے نام ایک خط میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (یو این جی اے) کے 78 ویں اجلاس کے منتخب صدر ڈینس فرانسس نے کہا کہ جنرل اسمبلی کے 78 ویں اجلاس کا موضوع ’اعتماد کی تعمیر نو اور عالمی یکجہتی کی بحالی: ایجنڈہ 2030 اور اس کے پائیدار ترقی کے اہداف امن، خوشحالی، سب کے لیے ترقی‘ پر کارروائی کو تیز کرنا ہوگا۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اس تنظیم کا بنیادی پالیسی ساز ادارہ ہے، یہ تمام رکن ممالک پر مشتمل ہے اور اقوام متحدہ کے چارٹر میں شامل عالمی مسائل پر کثیر الجہتی بحث کے لیے ایک منفرد فورم فراہم کرتا ہے، اقوام متحدہ کے 193 رکن ممالک میں سے ہر ایک کا ووٹ برابر ہے۔

جنرل اسمبلی اقوام متحدہ کے لیے کئی اہم فیصلے بھی کرتی ہے، جن میں سلامتی کونسل کی سفارش پر سیکریٹری جنرل کا تقرر، سلامتی کونسل کے غیر مستقل اراکین کا انتخاب اور اقوام متحدہ کے بجٹ کی منظوری وغیرہ شامل ہیں۔

جنرل اسمبلی کا اجلاس ہر سال ستمبر سے دسمبر تک باقاعدگی سے ہوتا ہے، اس اجلاس میں مخصوص ایجنڈا آئٹمز یا ذیلی آئٹمز کے ذریعے مخصوص مسائل پر بحث ہوتی ہے، جس کی بنیاد پر قراردادیں منظور کی جاتی ہیں۔

اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر کام کرنے والی ’اقوام متحدہ فاؤنڈیشن‘ نے نشاندہی کی کہ جنرل اسمبلی کا 78واں اجلاس ایسے وقت میں منعقد کیا جا رہا ہے جب عالمی سطح پر ترقی کو غیرمعمولی دھچکا لگا ہے۔

اس نے مزید کہا کہ زمین تیزی سے گرم ہو رہی ہے، جنگ اور مہنگائی کے درمیان غربت اور غذائی عدم تحفظ بدتر صورتحال اختیار کرتا جا رہا ہے، انسانی ضروریات پوری کرنے کی لاگت بڑھتی جارہی ہے اور عدم مساوات میں اضافہ ہورہا ہے۔

حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہونے سے قبل انتخابات کے شیڈول کا اعلان متوقع

کسی حریف کو آسان تصور نہیں کریں گے، فتح سے ایشیا کپ کا آغاز کریں گے، بابر اعظم

بھارت: سپریم کورٹ میں مودی حکومت سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت بحال کرنے کا روڈ میپ طلب